الیکشن کی تاریخ کا آنا خوش آئند ہے: خرم نواز گنڈاپور
بڑے چیلنج پرامن انعقاد اور شفافیت ہیں،سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک
پی اے ٹی الیکشن میں حصہ لے گی، ایگزیکٹو کونسل کا اجلاس جلد بلائیں گے
لاہور (3 نومبر2023ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ الیکشن کی تاریخ کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ پاکستان عوامی تحریک الیکشن میں حصہ لے گی۔ اس ضمن میں جلد سنٹرل ایگزیکٹو کونسل کا اجلاس بلائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آخر کار اعلیٰ عدلیہ کی مداخلت سے ہی الیکشن کی تاریخ کا مسئلہ حل ہوا، یہ آئینی معاملہ متعلقہ آئینی فورمز پر طے ہونا چاہیے تھا۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کی تاریخ کا آنا اچھی بات ہے تاہم تاخیر کے اسباب بھی سامنے آنے چاہئیں چونکہ تاریخ میں تاخیر کی وجہ سے طویل عرصہ تک قانونی، عوامی، سیاسی حلقے تشویش میں مبتلار ہے۔ الیکشن کا پرامن انعقاد اور شفافیت بڑے چیلنج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام معاشی استحکام، مہنگائی اور بیروزگاری کی وجہ سے جاں بہ لب ہیں۔ لوگ خودکشیاں کررہے ہیں، کروڑوں عوام فاقوں کا شکار ہیں۔ اگر یہ ایشوز الیکشن کے بعد بھی حل نہ ہوئے تو انارکی کم ہونے کی بجائے بڑھے گی لہٰذا تمام سیاسی جماعتیں معاشی استحکام، مہنگائی اور بیروزگاری کے خاتمے کے پلان پیش کریں اور عوام ان مسائل کا ٹھوس حل پیش کرنے والوں کی بات سنیں۔
انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک معاشی مسائل کا قابل عمل لائحہ عمل دے گی۔ جلسہ، جلوس کی بجائے ٹاک شوز میں تمام جماعتوں کو پالیسیز پیش کرنے کے لئے مدعو کیا جائے اور قومی میڈیا پر سب کو اپنا نقطہ نظر پیش کرنے کی یکساں سہولت ملنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت عدم برداشت، انتہا پسندی اور متشدد رویے بڑا چیلنج ہیں، الیکشن کمیشن کی سب سے بڑی ذمہ داری پرامن انتخابات کے انعقاد کے لئے ٹھوس ایس او پیز جاری کرنا اور پھر ان پر عملدرآمد کروانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کے تجربات بتاتے ہیں کہ عوام نے ہر الیکشن سے بہتری کی توقعات وابستہ کیں مگر بہتری نہ آسکی بلکہ ہر الیکشن کے بعد عوام کی بے چینی میں اضافہ ہوا۔ ہم سمجھتے ہیں کہ جب تک اس پورے سسٹم کو ری ویو نہیں کیا جاتا اور تعلیم یافتہ اور مختلف شعبہ جات کے ماہرین اور عوام کے حقیقی نمائندے اسمبلیوں میں نہیں آتے اُس وقت تک دائرے کا یہ سفر ختم ہونے کا نام نہیں لے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک آج بھی انتخابی اصلاحات کی سب سے بڑی محرک اور مضبوط آواز ہے۔
تبصرہ