پاکستان عوامی تحریک کا گیس کی قیمتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار
نگران حکومت کے پاس ایسا کوئی مینڈیٹ نہیں: میاں ریحان مقبول
پاکستان کے عوام کو زمانہ غار کی طرف دھکیلا جا رہا ہے: صدرعوامی تحریک سنٹرل پنجاب
لاہور (24 اکتوبر2023) پاکستان عوامی تحریک سنٹرل پنجاب کے صدر میاں ریحان مقبول نے گیس کی قیمتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ نگران حکومت نے گیس کی قیمتوں میں اضافہ کرکے غریب کے لیے سانس لینا بھی دوبھر کر دیا نگران حکومت کے پاس ایسا کوئی مینڈیٹ نہیں ہے، وزیراعظم نے مہنگائی کنٹرول کرنے کا حکم دیا تھا مگر گیس کی قیمتوں میں تاریخی اضافہ کر دیا گیا، مہنگائی کنٹرول کرنے کا یہ کون سا فارمولہ ہے؟ اب روٹی نان سمیت سب کچھ مزید مہنگا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ چولہے بجھیں گے، کوئی دن ایسا نہیں جب غریب کو نہیں رلایا جا رہا، فیصلے کرنے اور معاشی پالیسیاں بنانے والے کچھ خدا کا خوف کریں پی ڈی ایم نے یہ کیسا ملک بچایا کہ ہر شہری کا دیوالیہ نکل گیا ہے۔
میاں ریحان مقبول نے کہا کہ گیس کی قیمتوں میں اضافے کے فیصلے سے واضح ہو گیا ہے کہ 10 کروڑ سے زائد غریب شہریوں کی کسی کو فکر ہے اور نہ غریب کی اب کوئی حیثیت ہے۔ پاکستان کے عوام کو زمانہ غار کی طرف دھکیلا جا رہا ہے۔
انھوں نے کہا کہ آخر آئی ایم ایف کے ساتھ کون سا معاہدہ کیا گیا ہے کہ عام شہری کے لیے زندگی سزا بن گئی۔ انہوں نے کہاکہ آج پاکستان خطے میں مہنگائی کے حوالے سے سب سے مہنگا ملک جب کہ عوام دن بدن بد حال ہو رہے ہیں۔
تبصرہ