غزہ ہسپتال پر بمباری انسانیت کیخلاف سنگین جرم ہے: قاضی زاہد حسین
اسلامی ممالک فلسطینی عوام کے خلاف روا رکھنے جانے والے ظلم پر آواز اٹھائیں
اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل کیا جائے: مرکزی صدر پاکستان عوامی تحریک
لاہور(18 اکتوبر 2023ء) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر قاضی زاہد حسین نے غزہ ہسپتال پر بمباری، مریضوں اور معصوم شہریوں کی شہادتوں پر دلی دکھ کااظہار کرتے ہوئے اسے انسانیت کے خلاف سنگین اور شرمناک جرم قرار دیا ہے۔ ذمہ داروں کو اس کی کڑی سزا ملنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ فلسطین کے نہتے عوام کئی دہائیوں سے ظلم و بربریت کا شکار ہیں انہیں ان کے وطن کے اندر جلا وطن کر دیا گیا اور ان کی سرزمین پر قبضہ کر کے انہیں بے یار و مددگار چھوڑ دیا گیا۔ مسئلہ فلسطین پر اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد نہ ہونے کی وجہ سے انسانی المیہ دن بدن خطرناک ہوتا جارہا ہے۔
انہوں نے او آئی سی اور مسلمان ممالک سے بھی اپیل کی کہ وہ فلسطین کے عوام کے ساتھ ہونے والے ظلم کو رکوانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں اور نہتے کشمیریوں کو ظلم و تشدد سے بچائیں اور طے شدہ معاہدات اور قراردادوں پر عملدرآمد کروانے کے لئے اپنا سفارتی کردار ادا کریں۔
انہوں نے کہا کہ فلسطین کے بچوں، بوڑھوں، خواتین پر ظلم کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں۔ جنگ کے دوران بھی کبھی سویلین آبادی، ہسپتالوں کو نشانہ نہیں بنایا جاتا مگر اسرائیل نہ تو کسی جنیوا معاہدے کومانتا ہے اور نہ ہی اقوام متحدہ کی کسی قرارداد پر عملدرآمد کررہا ہے۔
تبصرہ