اقوام متحدہ بات چیت کا راستہ ہموار کرے: خرم نواز گنڈاپور
اقوام متحدہ شہری آبادیوں اور سول تنصیبات پر حملے رکوائے جائیں، سیکرٹری جنرل عوامی تحریک
اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد نہ ہونے سے خطہ جنگ کی لپیٹ میں ہے
لاہور (10 اکتوبر 2023ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور عالمی معاہدات پر عمل درآمد نہ ہونے سے مشرق وسطیٰ پر جنگ کے بادل منڈلا رہے ہیں۔ فلسطین کی آزادی اور علاقائی خودمختاری کے حوالے سے جومعاہدات ہوئے ان پر عملدرآمد کیا جائے۔ عالمی طاقتیں کسی ایک فریق کے ساتھ کھڑے ہو کر جنگ کے ماحول کو تقویت دینے کی بجائے بات چیت کا راستہ ہموار کریں۔ اقوام متحدہ شہری آبادیوں اور سول تنصیبات پر حملے رکوائے۔
انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں کو دیوار سے لگایا گیا، بچوں، خواتین کی توہین و تذلیل کی گئی انہیں ان کے وطن کے اندر دربدر کیا گیا اور اس ضمن میں عالمی معاہدات کی دھجیاں اڑائی گئیں، ردعمل کا ظاہر ہونا فطری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ خاموش تماشائی کا کردار ادا کرنے کی بجائے جنگ بندی کے لئے کردار ادا کرے۔ یو این معصوم شہریوں اور آبادیوں اور سول تنصیبات پر حملے بند کروائے۔ او آئی سی صورت حال کے تناظر میں اپنا مثبت کردار ادا کرے۔
تبصرہ