نیب ترامیم، سپریم کورٹ کا فیصلہ مثالی ہے: خرم نواز گنڈاپور
سابق حکمرانوں نے اپنے کیسز ختم کروانے کیلئے پارلیمنٹ کی طاقت کا غلط استعمال کیا
امیدہے فیصلے کے خلاف نظر ثانی شدہ اپیلیں بھی مسترد ہوں گی: سیکرٹری جنرل پی اے ٹی
لاہور (15 ستمبر 2023ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ نیب ترامیم کالعدم قرار دینے کا سپریم کورٹ کا فیصلہ مثالی ہے۔ سابق حکمرانوں نے اپنے کیسز ختم کروانے کے لئے پارلیمنٹ کی طاقت کا غلط استعمال کیا۔ اُمید ہے فیصلے کے خلاف نظر ثانی شدہ اپیلیں بھی مسترد ہوں گی۔ سپریم کورٹ نے آئین کے مطابق اپنا کردار ادا کیا، اب کرپشن کو جائز سمجھنے والوں کا عوام محاسبہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ ایک ایسے موقع پر کروڑوں، اربوں روپے کی کرپشن کی فائلیں بندکی گئیں جب پاکستان معاشی اعتبار سے بدترین دور سے گزررہا ہے۔ حکومت کو چاہیے تھا کہ لوٹ مار ریکور کر کے خالی خزانے کو بھرتی اور عوام کو ریلیف دیا جاتا مگر حکمرانوں نے 18 ماہ اپنی کرپشن کے کیسز بند کرنے کے لئے پارلیمنٹ کا غیر قانونی استعمال کیا۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ احتساب کے عمل کو کمزور کرنے کے لئے ترامیم کر کے دراصل پارلیمنٹ اور 25 کروڑ عوام کی توہین کی گئی۔ سپریم کورٹ ہی اصل شارح ہے۔ فیصلے سے کرپشن کا دروازہ بند ہوا، سابق حکمرانوں کو جواب دینا ہو گا کہ انہوں نے کرپشن کو جائز قرار دینے کے لئے یہ غیر آئینی اور غیر قانونی اقدام کیوں کیا؟
تبصرہ