قائداعظمؒ کے پاکستان کو سب نے مل کر تباہ کیا: خرم نواز گنڈاپور
75 ویں یوم وفات پر دعائیہ تقریب، بریگیڈیئر (ر) اقبال و دیگر قائدین شرکت
پاکستان بچانے کے لئے قومی دولت لوٹنے والوں کو پھانسیاں دینا ہونگی
معاشی مساوات کے لئے لینڈ ریفارمز ناگزیر ہیں: مرکزی رہنماؤں کی گفتگو
لاہور (11 ستمبر 2023ء) پاکستان عوامی تحریک کے زیر اہتمام بانی ئپاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کے 75 ویں یوم وفات پر مرکزی سیکرٹریٹ گوشہ درود میں ایصال ثواب کے لئے دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ بانیٔ پاکستان معاشی مشکلات سے آگاہ ہونے کے ساتھ ساتھ اس کے حل کا جامع پلان بھی رکھتے تھے۔ بانیٔ پاکستان نے فرمایا تھا جاگیردار اور سرمایہ دار عوام کا خون چوستے ہیں اور استحصال ان کے خون میں گردش کرتا ہے۔ یہ کسی عقلی دلیل کو نہیں مانتے اور یہ کہ معاشی معاملات ان پر چھوڑ دئیے گئے تو یہ عام آدمی کو ایک وقت کی روٹی بھی نہیں کھانے دیں گے۔ بدقسمتی سے جاگیرداروں اور سرمایہ داروں کو کھلی چھوٹ ملنے سے آج پاکستان کے کروڑوں عوام ایک وقت کی روٹی کو ترس رہے ہیں۔ قائداعظمؒ کے پاکستان کو سب نے مل کر تباہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ قائداعظم نے قانون کی حکمرانی قائم کرنے کے ساتھ ساتھ رشوت ستانی، ذخیرہ اندوزی اور اقرباپروری کو دشمن نمبر ون قرار دیا تھا مگر افسوس ان تین برائیوں کو ختم کرنے کی بجائے ان کی پرورش کی گئی جس کے نتیجے میں آج پاکستان دنیامیں ایک بھکاری ملک کی شناخت رکھتا ہے۔ وہ ملک بھی طعنے ماررہے ہیں جن کے عوام کی ہم نے کئی دہائیوں تک کفالت کی۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم کی امنگوں کی ترجمانی کے لئے معاشی مساوات قائم کرنا ہونگی۔ امیر اور غریب کے درمیان زمین وآسمان جتنا حائل فاصلہ ختم کرنا ہو گا۔ اس کا واحد طریقہ لینڈ ریفارمز ہیں۔ لینڈ ریفارم ایکٹ II پر عملدرآمد کیا جائے۔ لینڈ ریفارم ایکٹ کے تحت کوئی شہری 1 سو ایکڑ نہری اور ڈیڑھ سو ایکڑ بارانی زمین سے زیادہ زرعی زمین کا مالک نہیں بن سکتا۔ جس دن لینڈ ریفارم ایکٹ پر عمل ہو گیا کروڑوں عوام چند لاکھ مراعات یافتہ خاندانوں کے معاشی جبر، استحصال اور غلامی سے نجات پا جائیں گے اور یہ ملک اشرافیہ کے ظلم و استبداد سے محفوظ ہو جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ طاقتور خاندان 10 لاکھ ایکڑ اراضی پر غیر قانونی قابض ہیں۔ یہ قبضہ وازگار کیوں نہیں ہورہا؟ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو معاشی دلدل میں اتارنے والے سیاستدان، بیوروکریٹس اور نظام عدل سمیت اہم اداروں میں بیٹھے ہوئے طاقتور پشت پناہ ہیں۔ آج ایک بار پھر قوم کو خبر دی جارہی ہے کہ 29 سیاست دان پٹرول سمگلنگ میں ملوث ہیں اور سالانہ 60 ارب روپے قومی خزانے کو نقصان پہنچارہے ہیں۔ خبر میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ پاکستان سٹیٹ آئل کی گاڑیوں میں ملک بھر کے 995 پٹرول پمپس کو 2 ارب 8 کروڑ لیٹر سمگل شدہ پٹرول فراہم کیا جارہا ہے۔ پاکستان کے عوام جاننا چاہتے ہیں کہ سمگلنگ میں ملوث یہ 29 سیاستدان، 90 اعلیٰ حکام اور 995 پٹرول پمپس کے طاقتور مالکان کون ہیں جو ریاست اور اس کے قانون کو نہیں مانتے اور انہوں نے ملک کو بھکاری بنا دیا اور کروڑوں عوام کے منہ سے ایک وقت کی روٹی بھی چھین لی۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم کے پاکستان کو بچانے کے لئے قومی دولت لوٹنے والوں کو پھانسیاں دینا ہونگی۔
دعائیہ تقریب میں خرم نواز گنڈاپور، بریگیڈیئر(ر) اقبال احمد خان، سید مشرف حسین شاہ، نوراللہ صدیقی، راجہ زاہد محمود، علامہ لطیف مدنی، مظہر محمود علوی، رانا وحید شہزاد، سردار غضنفر حسین ایڈووکیٹ،میاں انصر محمود،بابا غلام فرید عاجز موجود تھے۔
تبصرہ