جنگ ستمبر کے شہداء ہمارا فخر ہیں: قاضی زاہد حسین
ہتھیار نہیں قوموں کا اتحاد اور جذبہ لڑتا ہے: مرکزی صدر پاکستان
عوامی تحریک
عوام نے اپنی افواج کی پشت پر کھڑے ہو کر دشمن کو شکست دی
لاہور (5 ستمبر 2023ء) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر قاضی زاہد حسین نے کہا ہے کہ جنگ ستمبر کے شہداء ہمارا فخر ہیں۔ عوام نے اپنی افواج کی پشت پر سیسہ پلائی دیوار بن کر اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو شکست دی۔ آج بھی ہماری سب سے بڑی طاقت ہمارا داخلی اتحاد، جذبۂ ایمانی اور جذبۂ حب الوطنی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 1965ء کی جنگ کی عظیم الشان فتح کا واحد نشان قوم کا اتحاد تھا۔ 1965ء کی جنگ ایک ایسا سبق ہے جو ہمیں ہمہ وقت ازبر رہنا چاہیے کہ ہتھیار نہیں قوموں کا اتحاد اور جذبہ لڑتا ہے۔جنگِ ستمبر کے شہداء نے جانوں کے نذرانے دے کر وطن عزیز کے چپے چپے کا جرأت مندی کے ساتھ دفاع کیا۔ اگر آج ہم چین کی نیند سو رہے ہیں تو اس کے پیچھے شہداء کی قربانیاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کو بہت سارے مسائل و مصائب کا سامنا ہے اور دشمن ہم پر ہر سمت سے حملہ آور ہے اس وقت ہمیں جس سب سے بڑے حملے کا سامنا ہے وہ حملہ ہمارے داخلی اتحاد، اعتماد اور باہمی پیار محبت کو نقصان پہنچانا ہے۔ قوم کو تقسیم در تقسیم کرنے کے لئے سازشیں اپنے عروج پر ہیں۔ ان شاء اللہ تعالیٰ ہم داخلی اتحاد اور یکجہتی کے ذریعے ان تمام سازشوں کو ناکام بنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ جنگ ستمبر کے عظیم شہید عزیز بھٹی قوم کا وقار ہیں۔ اللہ رب العزت سے دعا ہے کہ میجر عزیز بھٹی شہید اور ان کے ساتھ شہادت قبول کرنے والے جوانوں کے درجات بلند فرمائے اور ان شہداء کے مقدس لہو کے صدقے وطن عزیز کی حفاظت فرمائے اور ہمیں مسائل سے نجات دے۔
تبصرہ