پاکستان میں مہنگی بجلی خانہ جنگی کروانے کی سازش ہے: ریحان مقبول
انڈیا میں بجلی کا یونٹ 13روپے، افغانستان میں 8، چین میں 22روپے ہے
لاہور (2 ستمبر 2023) پاکستان عوامی تحریک سینٹرل پنجاب کے صدر میاں ریحان مقبول نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف والے 25 ہزار کمانے والے مزدور کو مہنگی بجلی، گیس، پٹرول بیچنے کا حکم دیتے ہیں مگر مراعات یافتہ طبقہ کی مراعات ختم کرنے کا مطالبہ نہیں کرتے؟ پاکستان میں مہنگائی مصنوعی ہے۔ مہنگی بجلی پاکستان میں خانہ جنگی کروانے کی سازش ہے۔ اس سازش میں دوہری شہریت رکھنے والے بیوروکریٹ، بیرون ملک اثاثے رکھنے والے کرپٹ سیاستدان شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاور سیکٹر کے 1 لاکھ 89 ہزار 171 ملازم ہر ماہ 3 کروڑ 47 لاکھ 58 ہزار مفت یونٹس مالیتی 1 ارب 73 کروڑ 79 لاکھ استعمال کرتے ہیں۔ تمام سرکای ملازمین، افسران، وزیر، مشیر سالانہ 520 ارب روپے کی مفت بجلی اور 220 ارب روپے کا سالانہ مفت پٹرول استعمال کرتے ہیں۔ آئی ایم ایف کو یہ مفت بری نظر کیوں نہیں آتی؟
انہوں نے کہا کہ حالیہ مہنگائی پاکستان کو انارکی کا شکار بنانے کا ایجنڈا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین میں بجلی کا یونٹ 22روپے، ایران میں 9روپے، افغانستان میں 8 روپے اور ہندوستان میں بجلی کا یونٹ 13 روپے ہے پاکستان میں فی یونٹ 50 روپے سے زائد کیوں ہے؟
تبصرہ