انصاف کیلیے پرامن جدوجہد کرنے والے کارکن ہمیشہ یاد رہیں گے، خرم نواز گنڈا پور
عدم برداشت سے امن،ترقی اور اتحاد و یکجہتی کو نقصان پہنچ رہا
شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہر القادری نے کارکنوں کو قانون کا احترام سکھایا، سیکرٹری جنرل
لاہور (31 اگست 2023) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے 30 اور 31 اگست 2014 کی شب پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان نے اسلام آباد میں قانون کی حکمرانی اور انصاف کے بول بالا کیلیے آواز اٹھائی اور اس وقت کے حکمرانوں کے ظلم و بربریت کا سامنا کیا، انصاف کے لیے جدوجہد کرنے والے کارکن ہمیشہ یاد رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک کے کارکنوں نے پاکستان کے عوام کو یہ پیغام دیا کہ پرامن رہتے ہوئے بھی ظلم و جبر کے خلاف آواز اٹھائی جا سکتی ہے اور ظلم کرنے والے ہاتھوں کو کمزور کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 30 اور 31 اگست کی رات اسلام آباد میں انصاف کے بول بالا کیلئے قربانیاں دینے والے کارکنان کی جرات اور جذبہ حب الوطنی کو سلام پیش کرتے ہیں اور جام شہادت نوش کر جانے والے عظیم کارکنان کی بلندی درجات کے لیے دعا گو ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری مبارک باد کے مستحق ہیں کہ جنھوں نے اپنے کارکنوں کو ہر نازک سے نازک موقع پر قانون کے احترام کی تعلیم دی اور آج کے دن تک عوامی تحریک کا کوئی کارکن کسی ایسی سرگرمی کا حصہ نہیں بنا جو ماورائے قانون و اخلاق ہو۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں سو شکوے ہو سکتے ہیں مگر یہ ملک ہمارا ہے ہم اس ملک اس کی نظریاتی حدود روایات اور اس ملک کے اثاثوں کے محافظ ہیں پرامن رہتے ہوئے اپنا مافی الضمیر بیان کرنا ہر شہری کا آئینی بنیادی حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے پچھلی 4 دہائیوں کے دوران سیاست، معاشرت میں عدم برداشت کا گراف بہت بڑھ گیا اس عدم برداشت کو اعتدال اور رواداری کے سانچے میں ڈھالنا ہوگا کیونکہ عدم برداشت کی وجہ ترقی،امن اور اتحاد و یکجہتی کو نقصان پہنچ رہا ہے۔
تبصرہ