مہنگی بجلی کے ساتھ کاروبار جاری رکھنا نا ممکن ہو گیا: الطاف حسین رندھاوا
توانائی کے ذرائع اسی طرح مہنگے ہوتے رہے تو کاروبار ٹھپ، بیروزگاری بڑھ جائے گی
کاروبار بند ہوئے تو حکومت کے ریونیو اہداف بھی پورے نہیں ہو سکیں گے: کوآرڈینیٹر عوامی تاجر اتحاد
راشد چودھری، حاجی اسحاق، نوید بٹ، رانا منظور احمد خان، ثاقب بھٹی سمیت تاجر رہنماؤں کی اجلاس میں شرکت
لاہور (26 اگست2023) عوامی تاجر اتحاد کا اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں عوامی تاجر اتحاد کے عہدیداران سمیت تاجروں و صنعتکاروں نے شرکت کی۔اجلاس میں موجود تاجر رہنماؤں نے اس امر پر تشویش کا اظہار کیا کہ بجلی،گیس، پٹرول، لیبر اور را میٹریل مہنگاہونے کی وجہ سے پاکستان بین الاقوامی تجارتی مارکیٹ سے مکمل طور پر آؤٹ ہو چکا ہے۔ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو بچے کھچے برآمدی آرڈر بھی کینسل ہو جائیں گے۔
مرکزی کوآرڈینیٹر عوامی تاجر اتحاد الطاف حسین رندھاوا نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مہنگی بجلی، گیس اور پٹرول کے ساتھ کاروبار جاری رکھنا نا ممکن ہو گیا ہے۔ توانائی کے ذرائع اسی طرح مہنگے ہوتے رہے تو کاروبار مکمل طور پر ٹھپ ہو جائیں گے۔کاروبار بند ہوئے تو حکومت کے ریونیو اہداف بھی پورے نہیں ہو سکیں گے۔ الطاف حسین رندھاوا نے مزید کہاکہ حکمران غریب عوام اور تاجروں پرروز ایک نیا ظلم کرنے کی بجائے ٹیکسوں میں کمی کریں تاکہ غریب عوام کوریلیف مل سکے۔غریب اور سفید پوش طبقہ بجلی کے بل ادا نہیں کر سکتا۔ بجلی، گیس اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے کاروبار بند ہوتے جا رہے ہیں، یہ سلسلہ نہ رکا تو بے روزگاری میں بے تحاشہ اضافہ ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری را میٹریل کی عدم دستیابی اور مہنگی بجلی و گیس کی وجہ سے پریشان ہے۔ اس وقت کوئی بھی ادارہ ایسا نہیں جس کے سامنے تاجر اپنا رونا رو سکیں۔ کالا باغ ڈیم سمیت میگا ڈیمز کی تعمیر کو اولیت دی جانی چاہیے تاکہ سستی بجلی پیدا کی جا سکے۔
صدر عوامی تاجر اتحاد لاہور نوید بٹ نے کہا کہ بجلی، گیس کے نرخوں اور ٹیکسوں میں اضافہ تاجر برادری کو الٹی چھری سے ذبح کرنے کے مترادف ہے۔لوگ بجلی کے بلوں کی وجہ سے خود کشی کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔
رانا منظور احمد خان کہا کہ بجلی، گیس، پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں کمی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی کی چکی میں پستی ہوئی غریب عوام کو ریلیف دینے کی ضرورت ہے۔
اجلاس میں سیکرٹری جنرل عوامی لائرز موومنٹ راشد چودھری، حاجی اسحق، صدر عوامی تاجر اتحاد لاہور نوید بٹ، جنرل سیکرٹری عوامی تاجر اتحاد لاہور رانا منظور احمد خان، صدر پاکستان عوامی تحریک لاہورثاقب بھٹی، محبوب عالم، شعیب رانا، حافظ عبد الرحمان، حاجی خالد سلیمان، خالدنعیم بسراء، مظفر علی سمیت دیگر تاجر رہنما شریک تھے۔
تبصرہ