ہمارے ساتھ آزاد ہونے والے ملک ہم سے آگے نکل گئے: سیمینار
پاکستان عوامی تحریک کے زیراہتمام ”خود کو بدلو اگر پاکستان بدلنا ہے“ سیمینار سے مقررین کا خطاب
سینئر رہنماؤں راجہ زاہد محمود، عارف چودھری، انجینئر شفاقت علی مغل نے خطاب کیا
لاہور (15 اگست 2023) پاکستان عوامی تحریک کے زیر اہتمام ”خود کو بدلو اگر پاکستان بدلنا ہے“ کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سنیئر نائب صدر راجہ زاہد محمود نے کہا کہ ہمارے ساتھ آزاد ہونے والے ملک ہم سے آگے نکل گئے، پاکستان آج بھی ان بنیادی مسائل کا شکار ہے جو آج سے 70سال قبل حل ہو جانے چاہئیں تھے۔ ایٹمی ملک پاکستان ہمسایہ ممالک افغانستان، چین، ایران، بھارت اور بنگلہ دیش سے بہت پیچھے رہ گیا، آخر پاکستان کا کولہو کے بیل والا سفر کب ختم ہو گا؟ افغانستان کی معیشت طویل عرصہ جنگ زدہ ملک ہونے کے باوجود ہم سے بہتر ہے۔ ہمارا بھائی بنگلہ دیش ہم سے بہتر ہے۔ چین سپر پاور اور بھارت سپر پاور کی نگاہوں کا مرکز بن گیا۔
عارف چودھری نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اطراف کی ترقی اور پاکستان کی زبوں حالی کی وجہ سے آج کا نوجوان بے حوصلہ اور مایوس ہے۔ 65 فی صد نوجوانوں کا مورال بلند کرنے کیلئے تمام سیاست دان، عوام اور ادارے ماضی کو بھلا کر مستقبل کو دیکھیں اور 25 کروڑ عوام کے ملک کو چولستان اور ریگستان بننے سے روکا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری یہ حالت کسی دشمن نے نہیں کی بلکہ ہم خود اپنے ہاتھوں سے اپنے ملک کو برباد کر رہے ہیں۔
شفاقت علی مغل نے کہا کہ خدا نے آج تک اس قوم کی حالت نہیں بدلی نہ ہو جس قوم کو اپنی حالت بدلنے کا خیال نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ انتقام، نفرت، انا اور طاقت کے بے رحم استعمال نے ہماری نظریاتی جڑوں کو کمزور اور ہمیں تقسیم کر دیا۔ ان آلائشوں سے جان چھڑائے بغیر ہم آگے نہیں بڑھ سکتے۔ سیمینار سے مخدوم گلزار حسین، شفاقت مغل، چوہدری افضل گجر، سردار عارف، سعید بھٹی، ڈاکٹر محسن اقبال، امجد حسین چوہدری و دیگر قائدین نے شرکت کی۔
تبصرہ