اتحادی حکومت کے 16 ماہ ڈراؤنا خواب تھے، میاں ریحان مقبول
پٹرول بجلی سو فیصد اشیائے ضروریہ کی قیمتیں 2سو فیصد بڑھیں
مقروض ملک کی اسمبلی کا آخری دن تاریخ کے مہنگے ترین ڈنر پر اختتام پذیر ہوا
لاہور (10 اگست 2023) پاکستان عوامی تحریک سنٹرل پنجاب کے صدر میاں ریحان مقبول نے کہا ہے کہ اتحادی حکومت کے 16 ماہ ڈراؤنا خواب تھے، 16 ماہ میں بجلی، پٹرول گیس کی قیمتوں میں 100 فیصد اور اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں 200 فیصد سے زائد اضافہ ہوا، 5 سال مکمل کرنے والی یہ اسمبلیاں کارکردگی کے اعتبار سے ملکی تاریخ کی ناکام ترین اسمبلیاں ثابت ہوئیں، 5 سالوں میں لاکھوں غریب خاندانوں نے زیورات اور چھوٹے موٹے اثاثے بیچ کر بجلی گیس کے بل دیے اور کچن چلایا اگر یہ صورت حال برقرار رہی تو لوگ بجلی کے میٹر کٹوا کر اور بچوں کو سکولوں سے اٹھا کر ہی زندگی کے دن پورے کر سکیں گے۔
یہ جان کر دکھ ہوا کہ مقروض ملک کی اسمبلی کا آخری دن تاریخ کے مہنگے ترین اور پرتعیش ڈنر پر اختتام پذیر ہوا،قومی دولت پر گلچھرے اڑانے والوں کو پاکستان کے غریب عوام پر ترس بھی نہیں آیا کہ لوگ ایک وقت کے نوالے کو ترس رہے ہیں اور ان لوگوں نے اقتدار کے آخری دن بھی غریب کے پیسے پر عیاشی کی۔
انہوں نے کہا کہ جان لیوا مہنگائی میں اضافہ کرنے میں پی ٹی آئی اور اتحادی حکومت دونوں قصور وار ہیں انہوں نے کہا کہ امید ہے نگران حکومت عوام کو مہنگائی سے بچانے کے لیے کام کرے گی اور غریب کی دعائیں لے گی۔
تبصرہ