عوامی تاجر اتحادکا ہنگامی اجلاس:مہنگائی اور معاشی زبوں حالی پر تشویش کا اظہار
سفید پوش طبقہ کیلئے بچوں کی تعلیم اور کچن چلانا ناممکن ہو گیا ہے: الطاف رندھاوا
معاشی حالات کی بہتری تاجر کمیونٹی اور بزنس سیکٹر کی خوشحالی سے جڑی ہوئی ہے
تاجر اور صنعتکار اپنی بقا کی جنگ لڑ رہا ہے کاروباری سرگرمیاں ماند پڑ چکی ہیں: کوآرڈینیٹرعوامی تاجر اتحاد
لاہور (4 اگست 2023) عوامی تاجر اتحاد پاکستان کا ہنگامی اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں مہنگائی، بجلی، گیس، پٹرولیم مصنوعات اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافے پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس میں عوامی تاجر اتحاد کے مرکزی، صوبائی اور ضلعی رہنماؤں نے شرکت کی۔
اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے مرکزی کوآرڈینیٹر عوامی تاجر اتحاد الطاف حسین رندھاوا نے کہا کہ تاجروں سمیت ملک کا ہر طبقہ مہنگائی کا شکار ہے،ملکی معیشت زبوں حالی کا شکار ہے۔ ہوشربا مہنگائی سے نہ صرف تاجر طبقہ متاثر ہوا ہے بلکہ پاکستان کا ہر شخص قرب میں مبتلا ہے۔ تاجر اور صنعتکار اپنی بقا کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ کاروباری سرگرمیاں ماند پڑ چکی ہیں، سفید پوش طبقہ کیلئے اپنے بچوں کی تعلیم اور کچن چلانا ناممکن ہو گیا ہے۔ مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔
الطاف حسین رندھاوا نے کہا کہ ایک طرف قوت خرید کم ہو گئی ہے تو دوسری جانب کاروباری سرگرمیاں تاریخ کی سب سے نچلی سطح پر پہنچ گئی ہیں۔ حکومت آئی ایم ایف کے کہنے پر عوام کو نچوڑ رہی ہے۔ تباہ کن مہنگائی نے تاجروں سمیت عام آدمی کا جینا مشکل کر دیا ہے۔ بدقسمتی سے ہماری معاشی پالیسیاں اس قابل نہیں جس سے عوام کی فلاح ہو سکے۔
انہوں نے کہاکہ بجلی، گیس اور پٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے کی وجہ سے تاجر و صنعتکار طبقہ سے سے زیادہ متاثر ہوا ہے، صنعتیں بند ہو رہی ہیں، بے روزگاری میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر ملک میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ ملکی معیشت میں بہتری کیلئے تاجر برادری کو اعتماد میں لینا ہو گا اور تاجروں کے مسائل حل کرناہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کے معاشی حالات کی بہتری تاجر کمیونٹی اور بزنس سیکٹر کی خوشحالی و آسودگی سے جڑی ہوئی ہے۔
اجلاس میں صدر لاہور عوامی تاجر اتحاد نوید بٹ، جنرل سیکرٹری عوامی تاجر اتحاد لاہور رانا منظور احمد، نائب صدر عوامی تاجر اتحاد لاہور محبوب عالم، کوآرڈینیٹر عوامی تاجر اتحاد فیصل آباد راجہ یوسف، کوآرڈینیٹر رئیل اسٹیٹ عوامی تاجر اتحاد عثمان افضل، حافظ غلام فرید، چوہدری افضل گجر، ملک محمد ارشد، محمد عابد قادری، سلیم بٹ،حسن محبوب سمیت دیگر تاجر رہنما شریک تھے۔
تبصرہ