اگلا وزیراعظم اپنا لانے والے اپنی کارکردگی بھی تو بتائیں؟: قاضی زاہد حسین
عوام کی توہین روکنے کے لئے بھی کوئی بل پاس ہونا چاہیے: صدر عوامی تحریک
اب تو اسمبلیوں میں رسماً بھی غریب کی بات نہیں ہوتی، وفود سے گفتگو
لاہور (25 جولائی 2023ء) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر قاضی زاہد حسین نے توہین پارلیمنٹ بل کی منظوری پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ تمام اداروں نے اپنی عزت و تکریم کو یقینی بنانے کے لئے بل پاس کر لئے جو اچھی بات ہے، اداروں کومعتبر ہی ہونا چاہیے تاہم کوئی ایک بل عوام کی توہین اور تذلیل روکنے کے لئے بھی پاس کر لیا جائے۔ راتوں رات بجلی، پٹرول، ڈیزل، دودھ، دہی، دوائیوں کی قیمتیں بڑھا کر غریب اور مزدور کی آمدن پر نقب زنی کی جاتی ہے اور غریب کو فاقوں اور خودکشیوں پر مجبور کر کے اس کی توہین کی جاتی ہے اس رویے کو بدلنے کے لئے بھی قانون سازی ہونی چاہیے۔
انہوں نے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک وقت تھا بجلی، گیس، پٹرول، دودھ، دہی کی قیمتیں سالانہ بجٹ میں طے ہوتی تھیں اور سال بھر یہ قیمتیں برقرار رہتی تھیں۔ آج ہر دن اشیائے خورونوش کی قیمتیں نئی ہوتی ہیں جبکہ آمدن میں اضافہ کی بجائے کمی آتی ہے اس ماحول میں غریب کے لئے جسم اور سانس کا رشتہ قائم رکھنا تقریباً ناممکن ہو گیا ہے۔ اس طرح نہ ملک چلتے ہیں اور نہ معاشرے اخلاقی اقدار پر کھڑے ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب تو اسمبلیوں میں غریب کی حالت زار پر رسماً بھی بات نہیں ہوتی۔ عوام کا موجودہ جمہوری نظام اور الیکشن سے اعتماد اٹھ گیا ہے۔ تین سال بعد یا پانچ سال کے بعد حکومتیں تو بدلتی ہیں مگر عوام کی حالت نہیں بدلتی۔
انہوں نے کہا کہ 100 فیصد مہنگائی میں اضافہ کرنے والے کہتے ہیں کہ اگلا وزیراعظم اپنا لائیں گے۔ اپنا وزیراعظم لانے والے اپنی کارکردگی بھی تو بتائیں؟ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اللہ کے سوا غریب کا کوئی پرسان حال نہیں۔
تبصرہ