اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے واقعہ کی اعلیٰ سطحی انکوائری ہونی چاہیے: خرم نواز گنڈاپور
واقعہ سے سینکڑوں خاندان پریشان ہیں، ملزمان کو عبرتناک سزا ملنی چاہیے
لاہور (24 جولائی 2023ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے ہراسگی سکینڈل پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اس کی اعلیٰ سطحی انکوائری کروائی جائے اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کے ساتھ ساتھ ایسے واقعات کے سدباب کے لئے ٹھوس حکمت عملی وضع ہونی چاہیے تاکہ قوم کی بیٹیوں کو کوئی مجرمانہ ذہنیت رکھنے والا شخص بلیک میل نہ کر سکے۔
انہوں نے کہا کہ سینکڑوں خاندانوں کی بچیاں یہاں تعلیم حاصل کررہی ہیں اور اس خبر کے وائرل ہونے کے بعد یہ خاندان سخت پریشان ہیں۔ اس واقعہ کو معمول کا واقعہ سمجھ کر علاقائی پولیس کے ذریعے انکوائری تک محدود نہ کیا جائے بلکہ اس کی کم از کم ڈی آئی جی رینک کے افسر سے انکوائری کروائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ اس افسوسناک واقعہ سے ہمارے اعلیٰ تعلیمی اداروں کے نظم اور نظام تعلیم پر سنگین سوال اٹھے ہیں اور اعلیٰ تعلیمی ادارے کا تشخص مجروح ہوا ہے۔ والدین اعتماد کر کے اپنی بیٹیاں تعلیمی اداروں میں بھیجتے ہیں اور اگر وہاں جرائم پیشہ عناصر انہیں بلیک میل کریں گے یا ہراساں کریں گے تو پھر والدین اپنی بیٹیوں کو تعلیم دلواتے ہوئے سو بار سوچیں گے۔ اس واقعہ میں ملوث عناصر کو نشان عبرت بنایا جائے۔
تبصرہ