بجلی کے نرخوں میں اضافہ عوام دشمنی ہے، فوری واپس لیا جائے: قاضی زاہد حسین
اعلیٰ سطحی کرپشن، نااہلی اور بددیانتی کی قیمت غریب عوام چکار ہی ہے
پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر قاضی زاہد حسین نے کہا ہے کہ بجلی کے نرخوں میں اضافہ غریب کشی اور عوام دشمنی ہے۔ اعلیٰ سطحی کرپشن، نااہلی اور بددیانتی کی قیمت غریب عوام چکار ہی ہے۔ بجلی مہنگی ہونے سے نہ صرف غریب کا چولہا بجھے گا بلکہ کاروبار اور صنعت کا پہیہ بھی رک جائے گا۔
قاضی زاہد حسین نے کہا ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد پاکستان اپنی کوئی بھی پراڈکٹ بین الاقوامی مسابقتی مارکیٹ میں نہیں لے جاسکے گا۔ آئی ایم ایف سے کیے گئے معاہدے کے اثرات ظاہر ہونا شروع ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غریب آدمی بجلی کا بل دے، بچوں کی فیسیں دیں، علاج معالجہ پر خر چ کرے یا گھر کا چولہا جلائے۔ بجلی کی قیمتوں میں بے جا اضافہ کرکے عوام پر بوجھ ڈالا گیا ہے، فوری طور پر اضافہ واپس لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کرکے غریب عوام کو زمانہ غار کی طرف دھکیلا جارہا ہے۔
پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر نے کہا ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کی ایک اور خوفناک لہر آئے گی۔ چھوٹے کاروبار کرنے والے افراد کے لئے کاروبارجاری رکھنا مشکل ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سننے والا کوئی نہیں، عوام اب کس ایوان میں تجاویز پیش کریں۔بے حسی، لاپرواہی اور خود غرضی اپنے عروج پر ہے۔ غریب عوام اور مزدور کے پاس خود کشی کرنے کے سوا اور کوئی راستہ نہیں بچا۔ انہوں نے کہا کہ مفت بجلی اور پٹرول لینے والے لاکھوں سرکار یا فسران، جمہوری سیاسی معتبران سے جان چھڑائی جائے۔
قاضی زاہد حسین نے کہا کہ عوامی مسائل سے لاتعلق یہ جمہوریت اب غریب کے گلے کا طوق بن گئی ہے۔ جب قرضے پاکستان کے غریب عوام نے لئے ہی نہیں تو پھر ان قرضوں کی سود کے ساتھ ادائیگی غریب عوام کیوں کریں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا کوئی پرسان حال نہیں مہنگائی اور بیروزگاری نے غریب کا جینا پہلے ہی مشکل کررکھا ہے۔ ریلیف دینے کی بجائے آئے روز بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا ظالمانہ عمل غریب عوام پر ظلم ہے۔
تبصرہ