عوامی تحریک کے راہنماؤں کی سرکاری ملازمین کے احتجاج میں شرکت
ملازمین کے جائز مطالبات تسلیم کئے جائیں: خرم نواز گنڈاپور کا شرکاء سے خطاب
لاہور (13جولائی 2023) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے سول سیکرٹریٹ کے باہر ہونے والے سرکاری ملازمین کے پرامن احتجاج میں شرکت کی اور اپنے خطاب میں کہا کہ پنجاب کے سرکاری ملازمین کوئی ایسا مطالبہ نہیں کر رہے جو غیر حقیقی یا نیا ہو وہ صرف اتنا کہہ رہے ہیں کہ انھیں بھی وفاقی ملازمین کی طرح جاری تنخواہ پر تنخواہوں میں اضافہ دیا جائے اور جو سہولیات وفاقی حکومت کے ملازمین کو حاصل ہیں وہ پنجاب کے سرکاری ملازمین کو بھی حاصل ہونی چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ ارب پتی اراکین قومی و صوبائی اسمبلی مہنگائی کی وجہ سے اپنی مراعات میں جب چاہتے ہیں اضافہ کر لیتے ہیں مگر انہیں تنخواہ طبقہ کے معاشی مسائل نظر نہیں آتے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بہت بڑا المیہ ہے کہ استاد بھی سراپا احتجاج ہیں، جس ملک کا استاد سڑکوں پر آنے پر مجبور ہو جائے وہ ملک اللہ کی برکتوں سے محروم ہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ استاد مبارک باد کے مستحق ہیں جو انصاف کے لیے کم از کم باہر تو نکلے اور اس پرامن احتجاج میں شریک خواتین کے عزم اور حوصلے کی بھی داد دیتا ہوں۔
اس موقع پر انجینئر محمد رفیق نجم، علامہ ڈاکٹر میر محمد آصف، نوراللہ صدیقی، سردار عمر دراز خان، اورنگزیب خاں بھی موجود تھے۔
تبصرہ