مہنگائی سے تنخواہ دار طبقہ بہت متاثر ہوا: خرم نواز گنڈاپور
احتجاج کرنے والے ملازمین کے مطالبات پر غور کیا جائے: سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک
پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے سول سیکرٹریٹ کے سامنے پنجاب کے سرکاری ملازمین کے احتجاجی دھرنے کے شرکاء سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب کے سرکاری ملازمین کے تمام جائز مطالبات کی حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین کے تمام جائز مطالبات ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں۔ پاکستان عوامی تحریک نے ہمیشہ محکوم اور مجبور طبقات کیلئے آواز بلند کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ احتجاجی مظاہرے میں اساتذہ بھی شریک ہیں، مقدس پیشے کے ساتھ انصاف کے تقاضوں کو پورا کیا جائے۔ پاکستان کی خوشحالی اور ترقی میں مزدور طبقے کا کردار سب سے زیادہ ہے۔ افسوس کا مقام ہے بزرگ مائیں، بہنیں اور بیٹیاں کئی دنوں سے اپنے جائز مطالبات کیلئے سڑکوں پر بیٹھی ہیں۔ ارباب اختیار سے مطالبہ ہے کہ وہ ان کی داد رسی کریں۔
انہوں نے کہاکہ سرکاری ملازمین کا Running کی بجائے Basic تنخواہ میں اضافے کے خلاف احتجاج جائز ہے۔ تنخواہ دار طبقہ بہت پریشان اور مشکلات میں ہے ان کو مشکلات سے نکالنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے سرکاری ملازمین کے ساتھ کھڑی ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں بھی دیگر صوبوں اور وفاقی حکومت کی طرح اضافہ کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ تنخواہوں میں اضافے اور Leave encashment کا معاملہ بھی فوری حل ہونا چاہئیے، سرکاری ملازمین سرکاری امور میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، انہیں نظر انداز کرنا کسی طور پر بھی درست عمل نہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ صرف پنجاب کے سرکاری ملازمین کا احتجاج نہیں بلکہ 12لاکھ خاندان اس احتجاج میں شریک ہیں۔
تبصرہ