15 روز میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 2 سو روپے بڑھ گیا
گندم لوکل پیداوار ہے قیمت کنٹرول کیوں نہیں ہوپارہی؟ سلطان محمود چودھری
مہنگائی کے طوفان سے غریب مزید غریب تر ہوتا جا رہا ہے، صدر پی اے ٹی لاہور
لاہور (11 جولائی 2023ء) پاکستان عوامی تحریک لاہور کے صدر ڈاکٹر سلطان محمود چودھری نے کہا ہے کہ 15 روز میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 2 سو روپے بڑھ گیا اور مزید اضافہ جاری ہے۔ غریب کے لئے روٹی کا نوالہ بھی ناممکن ہو گیا ہے۔ گندم پیدا کرنے والے ملک کے غریب عوام گندم کے سستے دانے دانے کو ترس رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈالر تو حکمرانوں کی پہنچ سے باہر ہے اسے تو کنٹرول نہیں کر سکتے مگر گندم تو لوکل پیداوار ہے اس کی قیمت کنٹرول کیوں نہیں ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اراکین اسمبلی کو مفت رہائشیں، مفت بجلی، مفت پٹرول، مفت دوائیاں، مفت سفر کی سہولت میسر ہے مگر عام آدمی کے لئے روٹی کا نوالہ اور صاف پانی کا گلاس بھی دستیاب نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو مشکلات سے نکالنے کیلئے ریلیف دینے کی بجائے الٹا آٹا مہنگا کر کے نوالہ بھی چھیننے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ پاکستان کا سب سے بڑا المیہ غربت، مہنگائی، بے روزگاری، بھوک اور افلاس ہے۔ غریب و مزدور طبقہ آٹا مہنگا ہونے کی وجہ سے شدید مشکلات کا شکار ہے۔ دیہاڑی دار مزدور فاقہ کشی پر مجبور ہیں۔ مہنگائی کے طوفان سے غریب مزید غریب تر ہوتا جا رہا ہے۔ حکمران عوام کو مہنگائی، بیروزگاری، بھوک اور بد حالی سے نکال نہیں سکتے تو کم از کم آٹا ہی سستا دے دیں تا کہ لوگ ایک یا دو وقت کی سوکھی روٹی ہی کھا سکیں۔
تبصرہ