حکومت غریب کو سستا آٹا اور روٹی دے: میاں ریحان مقبول
آئی ایم ایف سے ڈیل کے بعد مہنگائی کم ہونے کی بجائے بڑھ گئی ہے
سستا آٹا یوٹیلٹی سٹوروں سے بھی غائب ہو گیا، صدر سنٹرل پنجاب عوامی تحریک
مہنگائی سے تنگ مزدور خودکشیاں کررہے ہیں، غریب کا کوئی پرسان حال نہیں
لاہور (4 جولائی 2023ء) پاکستان عوامی تحریک سنٹرل پنجاب کے صدر میاں ریحان مقبول نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف سے ڈیل کے بعد کروڑوں غریب خاندانوں کو امید تھی کہ مہنگائی کم ہو گی مگر ڈیل کے فوری بعد غریب کی بنیادی ضرورت آٹا مہنگا ہو گیا ہے۔ یوٹیلٹی سٹوروں پر سے بھی سستا آٹا غائب ہو گیا ہے۔ یوٹیلٹی سٹوروں کے باہر سستے آٹے کے حصول کے لئے لوگ مارے مارے پھررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے ڈیل کے بعد معاشی حالات مزید ابتری کی طرف جانا شروع ہو گئے ہیں۔روٹی 30 روپے جب کہ نان 50 روپے میں بکنا شروع ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آئی ایم ایف کے ساتھ چلے یا نہ چلے مگر آٹا، روٹی سستی کرے۔ ابھی حال ہی میں گندم خریداری مہم ختم ہوئی ہے اور حکومت نے ضرورت کے مطابق گندم خریدرکھی ہے مگر ابھی سے آٹے کی قلت اور گندم کے ناپید ہونے کی خبریں آنا شروع ہو گئی ہیں جو غریب کے ساتھ انتہائی ظلم ہے حکومت غریب کو سستا آٹا اور روٹی دے۔
دریں اثناء ڈپٹی سیکرٹری کوآرڈینیشن سردار عمر دراز خان نے کہا کہ مہنگائی اور بیروزگاری سے تنگ مزدور خودکشیاں کررہے ہیں۔ غریب کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔ اسمبلیوں میں سوائے مہنگائی کنٹرول کرنے کے باقی ہر ایشو زیر بحث آتا ہے۔
تبصرہ