شہداء ماڈل ٹاؤن کے انصاف کے لیے ہم اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے: ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور
منہاج القرآن انٹرنیشنل کے مرکزی سیکرٹریٹ پر سانحہ ماڈل ٹاؤن کی 9 ویں برسی کے موقع پر شہدائے ماڈل ٹاؤن کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے تعزیتی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ ہمارے زخم آج بھی پہلے دن کی طرح تازہ ہیں اور شہداء کے انصاف کے لیے ہم اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے، آج کا دن جہاں غم اور دکھ کا دن ہے وہیں یہ دن ہمارے فخر کا دن بھی ہے، غم اس بات کا ہے کہ معصوم لوگوں کا خون پنجاب پولیس نے ںہایا، فخر اس بات پر ہے کہ موت برحق ہے اور موت اپنے مقررہ وقت پر آنی ہے، لیکن بحمدللہ تعالیٰ شہداء کے لواحقین استقامت کے پہاڑ ثابت ہوئے۔ خدا کے گھر دیر ہے اندھیر نہیں، جن لوگوں نے سانحہ ماڈل ٹاؤن میں ظلم کیا ان کا احتساب ہوکر رہے گا، وہ چاہے آج ہو یا کل ہو۔ ہم آج خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں ان شہداء کو جو اپنی جان سے گزر گئے اور ان سے زیادہ خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں ان کے لواحقین اور پسماندگان کو جو اس دن سے لیکر آج تک آزامائشوں سے گزر رہے ہیں۔ قرآن کا یہ فیصلہ ہے کہ ایک انسان کا قتل پوری انسانیت کا قتل ہے۔ جنہوں نے 14 بے گناہ لوگوں کو کیا وہ اپنے انجام کو ضرور پہنچیں گے۔ اللہ تعالیٰ ہمارے شہداء کے درجات بلند کرے۔
تعزیتی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی صدر منہاج یوتھ لیگ رانا وحید نے شہزاد نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء اور لواحقین عظیم کردار کے مالک تھے، انہوں نے اپنے قائد اور مشن کے ساتھ وفا کا حق ادا کیا، آج 9 سال گزر جانے کے باوجود کوئی بھی ان کی غیرت و حمیت خرید نا سکا۔ ہم انصاف کے حصول کی جنگ جاری رکھیں گے۔
ناظمہ شعبہ جات منہاج القرآن ویمن عائشہ مبشر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے تمام شہداء، بلخصوص تنزیلہ امجد شہید اور شازیہ مرتضی شہید کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہیں۔
تعزیتی سیمینار میں راجہ زاہد محمود، نور اللہ صدیقی، ڈاکٹر سلطان چودھری، رانا وحید شہزاد، سردار عمر دراز خان، محمد اویس، سدرہ کرامت، عائشہ مبشر سمیت شہدائے ماڈل ٹاؤن کے لواحقین، مرکزی قائدین اور مرکزی سیکرٹریٹ کے سٹاف ممبران شریک ہوئے۔
تبصرہ