سینئر سیاستدانوں کیساتھ ہتک آمیزسلوک بندہونا چاہیے: خرم نواز گنڈاپور
محض الزام پر گرفتاری انتہائی اقدام ہے، سیکرٹری جنرل عوامی تحریک
لاہور (2جون 2023ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب سینئر بزرگ سیاستدان چودھری پرویز الٰہی کی ضمانت اور پھر گرفتاری پر کہا ہے کہ سینئر سیاستدانوں کے ساتھ توہین آمیز سلوک بندہونا چاہیے، اس سے سیاست دان اور جمہوریت بدنام ہورہی ہے۔ جس سیاست دان یا کسی عام شہری پر جو الزام بھی ہے اسے صفائی کا آزادانہ ماحول میں پورا موقع ملنا چاہیے محض الزام پر دہشت گردوں کی طرح کسی کو گرفتار کرنا اور گھروں کے باہر سینکڑوں کی نفری تعینات کرنا اور ہلہ بول دینا انتہائی نامناسب رویہ ہے۔ قوم کو ذہنی اذیت میں مبتلا کر دیا گیا ہے۔ اس نوع کے رویے انتہا پسندی کو فروغ دیتے ہیں، نظر ثانی ضروری ہے۔ ماورائے قانون کسی شہری کے ساتھ ہتک آمیز سلوک نہیں ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ چودھری پرویز الٰہی ایک سینئر اور ذمہ دار سیاستدان ہیں انہیں اپنی صفائی اور فیئر ٹرائل کا پورا موقع ملنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ کے حوالے سے اس وقت عدلیہ پر بڑی بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔
تبصرہ