پاکستان عوامی تحریک کا 34 واں یوم تاسیس: تقاریب کا سلسلہ جاری
پاکستان عوامی تحریک منزل پرامن، مستحکم اور خوشحال پاکستان ہے: خرم نواز گنڈاپور
پسماندہ اور غریب آبادی کی محبوب جماعت پاکستان عوامی تحریک ہے: سیکرٹری جنرل پی اے ٹی
عوامی تحریک واحد سیاسی جماعت ہے جس کی قیادت ملکی مسائل سے پوری طرح آگاہ ہے
عوامی تحریک لاہور کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے راجہ زاہد محمود،ڈاکٹر سلطان محمود چودھری و دیگر کا خطاب
لاہور (26 مئی 2023) پاکستان عوامی تحریک کا 34 ویں یوم تاسیس کی مناسبت سے ملک بھر میں تقریبات کا سلسلہ جاری ہے۔ پاکستان عوامی تحریک لاہور کے زیراہتمام مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں پاکستان عوامی تحریک کے صوبائی و ضلعی رہنماؤں اور پاکستان عوامی تحریک لاہور کے کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کی صدارت پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کی۔
پاکستان عوامی تحریک لاہور کے صدر ڈاکٹر سلطان محمود چودھری نے استقبالیہ کلمات میں پاکستان عوامی تحریک کے رہنماؤں و کارکنان کو خوش آمدید کہتے ہوئے پاکستان عوامی تحریک کی فروغ علم و امن اور پر امن 34سالہ سیاسی جدوجہد کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کارکنوں کو امن، محبت، قانون کے احترام اور اعتدال و رواداری کی تعلیم دی اسی ویثرن اور تعلیمات کی روشنی میں ہم اپنا تعمیر پاکستان کا سفر جاری رکھے ہوئے ہیں ہماری منزل پرامن، مستحکم اور خوشحال پاکستان ہے۔ پاکستان عوامی تحریک نے اپنی 34 سالہ پر امن سیاسی جدوجہد میں بیداری شعور، انسانی حقوق کے تحفظ، معاشی، سیاسی بحرانوں کے حل اور رفاع عامہ پر بھر پور توجہ دی۔ قومی خدمت کے حوالے سے پاکستان عوامی تحریک اور اس کی قیادت کا کنٹری بیوشن قابل فخر اور قابل تقلید ہے۔ پاکستان عوامی تحریک پاکستان کی پسماندہ اور غریب آبادی کی محبوب جماعت ہے۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان عوامی تحریک نے پڑھے لکھے محب وطن سیاسی حلقوں کو حقیقی جمہوریت کے قیام کا ایک ویثرن اور فکری دی۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹرمحمد طاہرالقادری وہ عظیم رہنما ہیں جنہوں نے اپنے کارکنان کواخوت، رواداری اور امن کی تعلیم دی۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے آئندہ نسلوں کے روشن مستقبل کے لئے وہ کام کر دئیے جن کی نظیر لانانا ممکن ہے۔
نائب صدر پاکستان عوامی تحریک راجہ زاہد محمود نے پاکستان عوامی تحریک لاہور کے رہنماؤں کو شاندار تقریب کے انعقاد پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک وہ واحد سیاسی جماعت ہے جس کی پڑھی لکھی اور امن پسند قیادت نا صرف ملکی مسائل سے پوری طرح آگاہ ہے بلکہ انہیں حل کرنے کی اہلیت سے بھی بہرہ مند ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوم تاسیس پر تمام کارکنان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
تقریب میں محمد رفیق نجم، عارف چوہدری، رانا وحید شہزاد، رانا نفیس حسین قادری، سید گلزار حسین شاہ، ثاقب بھٹی، محسن اقبال، شفاقت مغل و دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔
تبصرہ