پاکستان عوامی تحریک کے 34 ویں یوم تاسیس پر تقریبات
مرکزی و زونل دفاتر میں پرچم کشائی کی تقاریب منعقد کی گئیں
پاکستان شہدا کے خون سے بنا شہدا کے خون سے ہی بچا ہوا ہے: خرم نواز گنڈاپور
ڈالر کے مقابلے میں روپے کی بے توقیری پر دل خون کے آنسو رو رہا ہے
قومی یکجہتی سے امن و استحکام آئے گا سیکرٹری جنرل پی اے ٹی کا خطاب
لاہور (25 مئی 2023) پاکستان عوامی تحریک کا 34 واں یوم تاسیس ملک بھر میں مرکزی، صوبائی، ضلعی، تحصیلی سطح پر انتہائی جوش و خروش سے منایا گیا۔ آزاد کشمیر گلگت، بلتستان سمیت ملک کے چاروں صوبوں میں سیمینارز و دعائیہ تقاریب کا انعقاد کیا گیا، کیک کاٹے گئے۔ ملکی سلامتی و خوشحالی کے لئے دعائیں کی گئیں۔
پاکستان عوامی تحریک کے تمام صوبائی دفاتر میں پر چم کشائی کی پروقار تقاریب منعقدکی گئیں۔ 34 ویں یوم تاسیس کے حوالے سے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں پرچم کشائی کی تقریب کے بعد ایک پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں پاکستان عوامی تحریک کے رہنماؤں اور کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے خرم نواز گنڈا پور نے کہاکہ پاکستان کو اس وقت رواداری، اتحاد ویکجہتی کی ضرورت ہے، وطن عزیز میں انصاف کی فراہمی امن اور خوشحالی کی ضمانت ہے، پاکستان شہدا کے خون سے بنا اور شہدا کے خون سے ہی بچا ہوا ہے، ہمارے شہدا ہمارا مان اور وقار ہیں، ان شا اللہ تعالیٰ پاکستان تاقیامت قائم دائم رہے گا، اسے کمزور کرنے اور مٹانے والی منفی قوتیں ناکام و نامراد رہیں گی۔ قیام پاکستان سے بقائے پاکستان کا سفر شہدا کی لازوال قربانیوں کی بدولت جاری ہے۔ پاکستان عوامی تحریک قرار داد پاکستان کی روشنی میں اپنا پرامن سیاسی کردار ادا کر رہی ہے اور کرتی رہے گی۔
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کارکنوں کو امن، محبت، قانون کے احترام اور اعتدال و رواداری کی تعلیم دی اسی ویثرن اور تعلیمات کی روشنی میں ہم اپنا تعمیر پاکستان کا سفر جاری رکھے ہوئے ہیں ہماری منزل پرامن، مستحکم اور خوشحال پاکستان ہے۔ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستانی کرنسی آج ایشیا کی کمزور ترین کرنسی بنا دی گئی ہے۔ پاکستانی کرنسی افغانستان، بنگلہ دیش، سری لنکا سے بھی پیچھے رہ گئی ہے۔ ملک تاریخ کے سنگین ترین اقتصادی بحران کے ذمے دار وہ لوگ ہیں جنہوں نے پچھلے 75 سالوں میں اپنے ذاتی اور سیاسی مفادات کو ملکی مفادات پر ترجیح دی۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں یاد رکھنا ہو گا کہ وطن عزیز کی آزادی عظیم شہدا کی
قربانیوں کا ثمر ہے۔ شہدا کی قربانیوں کو نمونہ عمل بنا کر اپنی زندگی میں امن،
محبت، اتحاد و یکجہتی کی طرف جانے والا صحیح راستہ اختیار کرنا ہو گا۔
تقریب میں نائب صدرراجہ زاہد محمود، نور اللہ صدیقی، عارف چوہدری، ڈاکٹر سلطان
محمود چودھری، سید گلزار حسین شاہ، حافظ غلام فرید، ثاقب بھٹی، راجہ ندیم، سردار
عارف و دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔
تبصرہ