عوامی تحریک اپنے کارکنان کو ہمیشہ مقدم جانتی ہے: ریحان مقبول
اسیرانِ ماڈل ٹاؤن کے مقدمات اور ان کی دیکھ بھال ڈاکٹرطاہرالقادری کر رہے ہیں، صدر سنٹرل پنجاب
ڈویژنل صدور کو تنظیم نو کی ہدایت، 25 مئی کو یوم تاسیس منایا جائے گا
لاہور (23 مئی 2023) پاکستان عوامی تحریک سنٹرل پنجاب کی ایگزیکٹو کونسل کا اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ لاہور میں منعقد ہوا جس میں سنٹرل پنجاب کے ذمہ داران اور ڈویژنل و ضلعی صدور و جنرل سیکرٹریز نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عوامی تحریک کا یوم تاسیس بھرپور طریقے سے منایا جائے گا اور بار دگر قوم کو پیغام دیا جائے گا کہ اگر بحرانوں کا راستہ روکنا ہے تو نظام بدلا جائے۔ اجلاس کی صدارت صدر سنٹرل پنجاب میاں ریحان مقبول نے کی۔
اس موقع پر میاں ریحان مقبول نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک وہ واحد جماعت ہے جس نے موروثی اور روایتی سیاست کے برعکس کارکنان کو اہمیت دی۔ قائد تحریک نے ریٹائرمنٹ کے بعد جماعت کارکنان کو اپنا وارث بنایا انھوں نے اپنے کارکنان کو ہمیشہ مقدم جانا اور کیسی بھی مشکلات ہوں تحریک اپنے کارکنان کے شانہ بشانہ کھڑی ہوئی، سانحہ ماڈل ٹاؤن کے اسیران کے مقدمات کی پیروی، انکی دیکھ بھال کی ذمہ داری اول دن سے ہمارے قائد ڈاکٹر طاہر القادری نے اپنے ذمہ لے رکھی ہے جسے وہ آج تک نبھا رہے ہیں۔
اس موقع پر انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ ہفتے میں تنظیم نو کا باقائدہ آغاز کردیا جائے گا۔ ضلعی سطع و پی پی حلقہ جات کی تنظیم نو ڈویژنل قائدین کے ذمہ ہوگی۔اجلاس میں سیکرٹری کوارڈینیشن عارف چودھری، ڈویژنل صدور ملک احمد اخوان، میاں کاشف محمود اور آصف سلہریا ایڈووکیٹ نے بھی شرکاء سے خطاب کیا۔
تبصرہ