فوری اور سستے انصاف کے لئے ای کورٹس قائم ہونی چاہئیں: خرم نواز گنڈاپور
چین کے ای کورٹس کے کامیاب تجربہ سے استفادہ کیا جائے: سیکرٹری جنرل
جدید دنیا ٹیکنالوجی کو انسانیت کی خدمت اور مدد کے لئے استعمال کررہی ہے
پاکستان جیسے غریب ملک کو ای کورٹس کے نظام کی زیادہ ضرورت ہے، عوامی تحریک
لاہور (4 مئی 2023ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ پاکستان کا مسئلہ نمبر ایک ناانصافی ہے۔ فوری اور سستے انصاف کے لئے ای کورٹس قائم ہونی چاہئیں۔ چین کے ای کورٹس کے کامیاب تجربہ سے استفادہ کیا جائے جدید دنیا ٹیکنالوجی کو انسانیت کی خدمت اور مدد کے لئے استعمال کررہی ہے۔ ای کورٹس قائم کر کے گھر کی دہلیز پر انصاف دینے کے نعروں کو عمل کی شکل دی جا سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیجنگ میں 2018ء میں ای کورٹس قائم کی گئی تھیں۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق 4 سال میں ای کورٹس کو 4 لاکھ مقدمات موصول ہوئے۔ ان میں 85 فیصد مقدمات کے فیصلے کیے گئے۔ چین نے اسے فوری اور سستے انصاف کا قابل عمل منصوبہ ثابت کیا ہے۔ ای کورٹس کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ آپ کسی وقت بھی آن لائن درخواست دے سکتے ہیں۔ یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ بیجنگ میں اوسطاً ایک جج 1 ہزار مقدمات سن رہا ہے۔ تمام مقدمات کی سماعت آن لائن ہوتی ہے جس کی وجہ سے سائلین کو ٹرانسپورٹیشن کی تکلیف اور اخراجات سے بھی نجات ملی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان جیسے غریب ملک کو ای کورٹس کے نظام کی زیادہ ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی کو انسانیت کی مدد اور خدمت کے لئے استعمال کرنے میں لیت و لعل سے کام نہیں لیا جانا چاہیے۔
تبصرہ