صحافت کی آزادی انسانی حقوق کی آزادی ہے: قاضی زاہد حسین
صحافت کی آزادی کے بغیر کوئی ملک اور معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا
پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر کا صحافت کے عالمی دن کے موقع پر بیان
لاہور (3 مئی 2023) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر قاضی زاہد حسین نے صحافت کے عالمی دن کے موقع پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ صحافت بجا طور پر ریاست کا اہم ستون ہے جو باقی ستونوں کو بھی طاقت مہیا کرتا ہے۔ جس سے ریاست کی امارت مضبوط بنیادوں پر استوار ہوتی ہے۔ حقیقی جمہوری معاشرے کی تشکیل میں صحافت کا کردار اہمیت کا حامل ہے، اسی اہمیت اور افادیت کی بنیاد پر صحافت کو ریاست کا چوتھا ستون مانا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک آزاد اور متوازن معاشرے کی تشکیل میں آزاد صحافت کا کردار مسلمہ حقیقت ہے۔ اظہار رائے کی آزادی کا حق دیگر تمام انسانی حقوق کے تحفظ کی بنیاد بھی ہے۔
قاضی زاہد حسین نے کہا کہ ان تمام صحافیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ جنہوں نے آزادی اظہار کے حق کیلئے حق و سچ اور آئین و قانون کی بالادستی کیلئے قربانیاں دیں۔ اس نازک اور مشکل دور میں ذمہ دارانہ صحافت کی اہمیت پہلے سے بھی زیادہ بڑھ گئی ہے۔ صحافت ریاست کا اہم ستون ہے مقتدر طبقوں کی اس پر بے جا تنقید حقیقت سے آنکھیں چرانا ہے۔ میڈیا یکجہتی، محنت اور مثبت اپروچ سے اپنا سفر جاری رکھے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ استحصالی اور کرپٹ سیاسی نظام ملک میں تعمیری اور مثبت سیاست کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔
قاضی زاہد حسین نے کہا کہ صحافیوں کو تحفظ فراہم کرناآزادی اظہار رائے کے استحکام کیلئے ضروری ہے۔ پاکستان کی صحافت جانتی ہے کہ صحافی قوم کا چہرہ ہوتے ہیں۔ انہوں نے خون جگر سے آزادی صحافت کا چراغ جلایا ہے۔ آج بھی نظریاتی صحافتی ادارے سنجیدہ فکر صحافی آزادی اظہار اور حرمت قلم کیلئے سر بکف ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان عوامی تحریک اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ صحافت کی آزادی کو تسلیم کئے بغیر ہم ایک حقیقی اور بہترین جمہوری معاشرہ تشکیل نہیں دے سکتے۔
تبصرہ