پارلیمنٹ کی آڑ لے کر سپریم کورٹ کی تذلیل کی جا رہی ہے: خرم نواز گنڈاپور
غیر شفاف کردار کے پارلیمنٹیرین کی وجہ سے پارلیمنٹ کی عزت پر حرف آتا ہے
عدلیہ کے وجود کی نفی کرکے کس ترقی اور استحکام کی بات کی جا رہی ہے؟ سیکرٹری جنرل پی اے ٹی
لاہور (2 مئی 2023) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کی آڑ لے کر سپریم کورٹ کی تذلیل کی جا رہی ہے، عدلیہ کے وجود کی نفی کر کے کس ترقی اور استحکام کی بات کی جا رہی ہے، غیر شفاف کردار والے پارلیمنٹیرین کی وجہ سے پارلیمنٹ کی عزت پر حرف آتا ہے۔ قومی ادارے کی تذلیل بند کی جائے۔ ایسی جمہوریت قوم قبول نہیں کرتی جس میں منی لانڈرنگ اور فرد جرم کے مجرم قومی اداروں کو دھمکیاں دیں۔ اقاموں کی وجہ سے قومی معیشت آج قومے میں ہے۔ آئین کی بالادستی کیلئے عدلیہ کے فیصلوں کا احترام ہر ایک کیلئے ضروری ہے۔ حکومت سپریم کورٹ کے خلاف جاری مہم بند کرے ورنہ ملک مزید انارکی کی طرف جائے گا۔
خرم نواز گنڈاپور نے خواجہ آصف کی اسمبلی میں تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم کے منصب پر بیٹھ کر قومی وسائل لوٹنے کا رواج بھی ختم ہونا چاہیے۔ پاکستان عوامی تحریک آئندہ آنے والے الیکشن کیلئے پوری طرح تیار ہے۔ الیکشن کی تیاری اور عوامی رابطہ مہم شروع کر دی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس عوام دشمن فرسودہ نظام نے ترقی کا پہیہ جام کر رکھا ہے، ملک بچانا ہے تو اس ظالم نظام سے جان چھڑانا ہو گی۔ اس نظام سے فائدے اٹھانے والے بھی آج اس نظام کو برا کہہ رہے ہیں۔ سیاسی بد انتظامی کی وجہ سے معاشی بدحالی، بیروزگاری، بدامنی اور کرپشن میں بھی اضافہ ہو چکا ہے۔ پاکستان میں اگر یہ عوام دشمن نظام نہ ہوتا تو یہ مملکت خداداد آج اس حال کو نہ ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک اسمبلی میں ہو یا اسمبلی سے باہر، ہماری جدوجہد نظام کی تبدیلی ہے۔
تبصرہ