ملک ایٹمی حملوں سے نہیں بدعنوانی سے تباہ ہوتے ہیں: ریحان مقبول
پارلیمنٹ کی بے توقیری کی وجہ اس کے اخلاقیات سے محروم نمائندے
ہیں
فرد جرم والے وزیراعظم بنیں گے تو ایسی حکومت کی عزت کون کرے گا؟
عوام کو ووٹ کے حق سے محروم کرنا فاشزم ہے، صدر عوامی تحریک سنٹرل پنجاب
لاہور (27 اپریل 2023ء) پاکستان عوامی تحریک سنٹرل پنجاب کے صدر میاں ریحان مقبول نے کہا ہے کہ ملک ایٹم بموں سے تباہ نہیں ہوتے اس کی بڑی مثال جاپان ہے۔ ملک کرپشن، جھوٹ اور بدعنوانی سے تباہ ہوتے ہیں فی زمانہ اس کی بڑی مثال پاکستان ہے۔ عوام کو ووٹ کے حق سے محروم کرنا فاشزم ہے۔ ہر حکومت نے بلدیاتی انتخابات سے انحراف کر کے ووٹ، عوام اور آئین کی توہین کی اب ووٹ کی توہین کرنے کا زہر صوبائی اور قومی سطح پر پھیل رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اخلاقیات سے محروم فیصلے انارکی کو جنم دیتے ہیں۔ پارلیمنٹ کی بے توقیری کی وجہ کوئی اور نہیں بلکہ اس کے اخلاقیات سے محروم اپنے نمائندے ہیں۔ اگر فرد جرم والے وزیراعظم بنیں گے تو ایسی حکومت کی عزت کون کرے گا؟ انہوں نے کہا کہ منتخب نمائندوں سے جب ان کی آمدن اور اخراجات کے مابین تعلق کے بارے میں سوال کیا جاتا ہے تو وہ کہتے ہیں عوام کی عدالت فیصلہ کرے گی مگر آج کل عوام کی عدالت کے ذکر سے ان کے پسینے چھوٹ جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جمہوریت قانونی، اخلاقی قدروں کے ساتھ محترم ہوتی ہے۔ اخلاقیات سے محروم نظام سے بداعتمادی اور انارکی جنم لیتی ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ موجودہ حکومت میں ایسے بھی اہم عہدوں پر براجمان ہیں جو یا تو ضمانتوں پر ہیں یا ان کے حوالے سے کرپشن کے سنگین کیسز زیرالتواء ہیں۔ اس کے باوجود وہ بضد ہیں کہ ان کی عزت کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک پنجاب اسمبلی کے الیکشن کے لئے پوری طرح تیار ہے۔ ہم اپنے امیدواروں کو ٹکٹ جاری کر چکے۔ ان شاء اللہ تعالیٰ عوامی تحریک کے امیدوار اپنے بہترین انتخابی منشور اور اپنے شاندار سیاسی و اخلاقی کردار کی وجہ سے بہترین مقابلہ کریں گے۔
تبصرہ