انسانی حقوق کمیشن کی تازہ رپورٹ چشم کشاہے: قاضی زاہد حسین
ایسی رپورٹس پاکستان کی عالمی ساکھ کو داغ دار کرتی ہیں: مرکزی صدر عوامی تحریک
حکومت اپنے پرتشدد رویے کو بدلنے پر تیار نظر نہیں آتی
لاہور (27 اپریل 2023ء) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر قاضی زاہد حسین نے انسانی حقوق کمیشن کی تازہ ترین رپورٹ پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے چشم کشا قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ ایسی رپورٹس پاکستان کی عالمی ساکھ کو داغ دار کرتی ہیں۔ انہوں نے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے سدباب کا مطالبہ کیا ہے۔
قاضی زاہد حسین نے کہا کہ پاکستان اسلام کے نام پر حاصل کیا گیا اور اسلام میں بنیادی انسانی حقوق چادر اور چار دیواری کے تحفظ، نظام عدل اور سیاست و معیشت کو فوقیت حاصل ہے۔ انسانی حقوق کا تحفظ اسلام کی تعلیمات کی روح ہے مگر افسوس اسلامی تعلیمات اور آئینی گارنٹیوں کے برعکس انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمران اور قانون و انصاف کے اداروں کے یہ بات پیش نظر رہنی چاہیے کہ عالمی سطح پر انسانی حقوق سے متعلق رپورٹس کو بڑی اہمیت حاصل ہوتی ہے۔ ایسی رپورٹس کو کسی بھی ملک کے پرامن، مہذب اور قانون پسند ہونے کا پیمانہ سمجھاجاتا ہے اور بین الاقوامی کاروباری برادری اس پیمانے کے تحت سرمایہ کاری کرنے یا نہ کرنے کے فیصلے کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی مخالفین کی پکڑ دھکڑ جعلی مقدمہ بازی، میڈیا اور صحافیوں پر پابندیوں کی وجہ سے پاکستان کی عالمی ساکھ بری طرح مجروح ہورہی ہے۔ افسوس حکومت اپنے پرتشدد انتظامی رویے کو بدلنے پر آمادہ نظر نہیں آتی۔
تبصرہ