مذاکرات کا کوئی نتیجہ نہیں نکلنا، سپریم کورٹ فیصلہ سنائے: راجہ زاہد محمود
اگر آئین 90 دن کی بات کرتا ہے تو کیا پارلیمنٹ آئین سے بالاتر
ہے؟ نائب صدر
عوامی تحریک کا مشاورتی اجلاس، رہنماؤں کی شرکت، سیاسی صورتحال کا جائزہ
پاکستان عوامی تحریک کے نائب صدر راجہ زاہد محمود نے کہا ہے کہ مذاکرات کا کوئی نتیجہ نہیں نکلنا، سپریم کورٹ اپنا فیصلہ سنائے، اگر آئین 90 دن کی بات کرتا ہے تو کیا پارلیمنٹ آئین سے بالاتر ہے؟ حکومت الیکشن کروانے میں سنجیدہ ہے نہ مذاکرات کرنے میں، حکومت سپریم کورٹ کو آنکھیں دکھانے کی بجائے فنڈز جاری کرے۔ بدعنوانی کی وجہ سے ہی جمہوریت کی گاڑی رکی ہوئی ہے۔ افسوس کی بات ہے کہ آئین کی خالق جماعت بھی آئین کی بالادستی کیلئے گومگو کی کیفیت میں ہے۔ اقتدار کے کھیل نے ملک کو ایک ایسے نازک موڑ پر لا کر کھڑا کر دیا ہے۔ جہاں سوائے مایوسی، بے روزگاری اور مہنگائی کے کچھ نظر نہیں آ رہا۔ اس عوام دشمن فرسودہ نظام کی وجہ سے اس ملک کے ایوانوں میں کبھی بھی اصل عوامی نمائندے پہنچ ہی نہیں پائے۔ پاکستان عوامی تحریک کی جدوجہد اس نظام کو بدلنے کیلئے ہے۔ پاکستان عوامی تحریک نے ظلم و استحصال پر مبنی نظام بدلنے کیلئے بے مثال جدوجہد کی ہے۔ ملک کو خوشحالی اور حقیقی جمہوریت کے ٹریک پر لانے کیلئے جدوجہد کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب میں انتخابات آئین میں دی گئی مدت کے مطابق ہونا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں پاکستان عوامی تحریک کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں مرکزی کوآرڈینیٹر پاکستان عوامی تحریک عارف چوہدری، صدر عوامی لائرز موومنٹ نعیم الدین چوہدری ایڈووکیٹ، سیکرٹری جنرل عوامی لائرز موومنٹ راشد چوہدری، آصف سلہریا ایڈووکیٹ، سردار غضنفر حسین ایڈووکیٹ، شکیل ممکا ایڈووکیٹ، رضوان قادری ایڈووکیٹ سمیت دیگر رہنما موجود تھے۔
راجہ زاہد محمود نے کہاکہ پاکستان عوامی تحریک کے عہدیداران کو ڈور ٹو ڈور انتخابی مہم شروع کرنے کی ہدایات دیتے ہوئے کہاکہ پاکستان عوامی تحریک الیکشن پوری سیاسی قوت کے ساتھ لڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی، صوبائی عہدیداران تمام اضلاع میں انتخابی مہم کیلئے جائیں گے۔ امیدوار اپنے اپنے حلقوں میں عوام سے رابطے میں تیزی لائیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان عوامی تحریک کا موقف ہمیشہ سے واضح ہے کہ اسمبلی کے اندر ہوں یا باہر ہماری جدوجہد عوام دشمن نظام کی تبدیلی کیلئے ہے۔ پاکستان عوامی تحریک کی جنگ عوام کے حقوق کیلئے ہے۔ بیڈ گورننس اور ہوشربا مہنگائی کے خلاف آواز بلند کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس کرپٹ نظام کا خاتمہ چاہتے ہیں جس نے غریب کا استحصال کر کے جینا مشکل کر دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کارکنان یونین کونسل سے پی پی سطح تک عوامی رابطہ مہم میں تیزی لائیں۔
تبصرہ