پنجاب الیکشن، عوامی تحریک کے مرکزی عہدیداروں کا اہم اجلاس
زونل صدور کو موزوں امیدواروں کی فہرستیں تیار کرنے کی ہدایت
قراردادیں پارلیمنٹ اور سپریم کورٹ کو مقابل کھڑا کرنے کی خوفناک سازش ہے خرم نواز گنڈا پور
لاہور(17 اپریل 2023ء) پاکستان عوامی تحریک کے زونل صدور اور مرکزی قائدین کا اہم اجلاس سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور کی صدارت میں ہوا۔ اجلاس میں راجہ زاہد محمود، میاں ریحان مقبول، قاضی شفیق، عارف چودھری، نوراللہ صدیقی، توقیر اعوان، سردار عمر دراز خان نے شرکت کی۔
اجلاس میں پنجاب میں جنرل الیکشن کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا، رابطہ کارکن و عوام مہم میں تیزی لانے کے لائحہ عمل طے کیا گیا، زونل صدور کو پارلیمانی بورڈ کی مشاورت سے موزوں امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ جاری کرنے کے لیے سفارشات تیار کرنے کی ہدایت کی گئی امیدواروں کو متعلقہ زونل صدور سے فی الفور رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی، اجلاس میں حکومت کی طرف سے سپریم کورٹ کے فیصلوں کو بلڈوز کرنے کے لیے قرادادوں کا سہارا لینے پر تشویش کا اظہار کیا اور حکومت کے اس عمل کو پارلیمنٹ کو سپریم کورٹ کے مقابل کھڑا کرنے کی خوفناک سازش قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ آئین کی شارح ہے جب بھی آئین کے خلاف کوئی اقدام ہوگا تو اس پر کردار ادا کرنا سپریم کورٹ کی آئینی ذمہ داری ہے۔ اجلاس میں ملک میں بنیادی انسانی حقوق کی پامالی اور پولیس کی طرف سے سیاسی کارکنوں پر جھوٹے مقدمات کے اندراج کے واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ اجلاس میں چیف جسٹس سپریم کورٹ اور دیگر معزز ممبرز کی کردار کشی مہم کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی، اجلاس میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس کے فوری فیصلے کے لیے چیف جسٹس سپریم کورٹ سے نوٹس لینے کی اپیل کی گئی، اجلاس میں آئین و قانون کی بالادستی کے لیے سینئر وکلاء کے کردار کو سراہا گیا۔
تبصرہ