قومی اسمبلی کی قرارداد وزیراعظم کی نا اہلی کا پھندا ہے: خرم نواز گنڈاپور
کمال ہوشیاری سے وزیراعظم کو ملزم سے مجرم بنانے کی منصوبہ بندی کی گئی
وزیراعظم میں ہمت ہے تو قرارداد کے مطابق الیکشن نہ کروانے کا اعلان کریں
لاہور (7 اپریل 2023ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کی قرارداد وزیراعظم کی نا اہلی کا پھندا ہے۔ کمال ہوشیاری سے وزیراعظم کو ملزم سے مجرم بنانے کی منصوبہ بندی کی گئی۔ وزیراعظم میں ہمت ہے تو قرارداد کے مطابق الیکشن نہ کروانے کا اعلان کرکے دیکھیں انہیں آٹے دال کا بھاؤمعلوم ہو جائے گا۔ وزیراعظم میں ہمت ہے تو وزرات خزانہ کو تحریری حکم دیں کہ فنڈز وہ جاری نہ کرے۔ وزیراعظم میں ہمت ہے تو وہ سیکرٹری دفاع کو تحریری حکم دیں کہ وہ فورس مہیا نہ کرے۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کو عدلیہ کے خلاف استعمال کرنے والی ذہنیت محاذ آرائی اور عدم استحکام میں شدت چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے الیکشن کروانے کا فیصلہ آئین کے مطابق دیا اس فیصلے کو تسلیم کرنے سے انکار آئین کو تسلیم نہ کرنے کا اعلان ہے۔ سپریم کورٹ کے خلاف زہر اگلنے والے مکمل طور پر شکست فاش کھائیں گے، حکومتیں آئین کی بالادستی کیلئے کام کرتی ہیں مگر یہ کرہ ارض کی پہلی حکومت ہے جوعوام کو عدلیہ کے فیصلے نہ ماننے کی تر غیب دے کر لاقانونیت کو فروغ دے رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے اپنے خلاف ایک بہت بڑی چارج شیٹ تیار کر لی ہے اس کا انہیں بالآخر جواب دینا پڑے گا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان54 ہزار ارب کا مقروض ہو گیا، غریب آٹے کی قطاروں میں رسوا ہو رہا ہے، چھوٹی بڑی انڈسٹری کو تالے لگ رہے ہیں جبکہ بد بخت سپریم کورٹ کو تالے لگانے کی منصوبہ بندی میں مصروف ہیں۔
انہوں نے کہاکہ سول سوسائٹی اور وکلا برادری کو فاشزم کے خلاف اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ سپریم کورٹ آئین اور 22 کروڑ عوام کے آئینی مفادات کا محافظ ادارہ ہے ملزمان کو اس آئینی ادارے کے وقار سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
تبصرہ