حکومت نے عدلیہ کے خلاف اعلان جنگ کر دیا: خرم نواز گنڈاپور
اگر آئین بالادست نہیں ہو گا تو پھر ملک میں جنگل کا قانون ہو گا، سیکرٹری جنرل پی اے ٹی
لاہور(8 اپریل 2023ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ پاکستان عوامی تحریک نے ہمیشہ آئین و قانون کی بالادستی کی بات کی اور سیاست پر ریاست کو ترجیح دی۔ مافیا کو آئین سوٹ نہیں کرتا اس لئے انہیں جب موقع ملتا ہے وہ آئین کے خلاف ریاستی طاقت بروئے کار لاتے ہیں۔ اگر آئین کے مطابق ملک نہیں چلے گا تو پھر جنگل کا قانون ہو گا یعنی جس کی لاٹھی اس کی بھینس۔
22کروڑ عوام ملک کو کسی مافیا کی چراگاہ نہیں بننے دیں گے۔ سپریم کورٹ کے خلاف حکومت کا اعلان جنگ قومی تاریخ کا ایک اور المیہ ہے۔ عوام عدلیہ کے ساتھ ہیں۔ ملک میں آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی ہوتی تو سانحہ ماڈل ٹاؤن نہ ہوتا، سانحہ 25 مئی نہ ہوتا، سانحہ کارساز نہ ہوتا، جمہوریت کا نام لینے والے اپنے اقتدار کے لئے انسانوں کا خون بہانے سے بھی گریز نہیں کرتے۔ آئین کی حفاظت ایمان کی حفاظت ہے۔
سپریم کورٹ نے آئین کی پاسداری میں 90 دن کے اندر الیکشن کروانے کا حکم دیا اس پر طوفان برپا کیوں کیا جارہا ہے؟ حکومت کو ملک، آئین اور عوام کی پرواہ ہے تو سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق الیکشن کمیشن کو فنڈز اور سکیورٹی مہیا کرے۔ چیف جسٹس سے استعفیٰ مانگنے والوں سے پوری قوم استعفیٰ مانگ رہی ہے۔ حکومت نے عدلیہ کے خلاف اعلان جنگ کر دیا ہے۔ عدلیہ کو آئینی تحفظ حاصل ہے۔ سول سوسائٹی اور وکلاء برادری کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ آئینی بحران پیدا کرنے والے عناصر کی بجائے سپریم کورٹ کا ساتھ دیں۔ سپریم کورٹ اس ملک میں غریب اور مظلوم کی آخری امید ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ن لیگ کی تاریخ عدلیہ اور اداروں کے ساتھ محاذ آرائی سے بھری ہوئی ہے۔ یہ مادر پدر اقتدار اور اختیار کی سیاست کرتے ہیں۔
تبصرہ