سعودی عرب اور یمن کا جنگ ختم کرنے کا اعلان حوصلہ افزاء ہے: قاضی زاہدحسین
دنیا جنگیں ختم کررہی ہے اور پاکستان کو خانہ جنگی کی طرف دھکیلا جارہا ہے، صدر عوامی تحریک
لاہور (8 اپریل 2023ء) پاکستان عوامی تحریک کے صدر قاضی زاہد حسین نے کہا ہے کہ سعودی عرب اور یمن کا جنگ ختم کرنے کا اعلان اُمہ کے لئے ایک بہت ہی حوصلہ افزاء خبر ہے۔ سعودی عرب اور ایران کے درمیان تعلقات کی بحالی کے بعد یہ دوسری بڑی خوشخبری ہے۔ اتحادِ اُمت وقت کی ناگزیر ضرورت ہے۔ تینوں برادر اسلامی ملکوں نے جرأت مندانہ فیصلے کئے جس کے مثبت اثرات نہ صرف مشرق وسطیٰ کے خطہ اور اس کے عوام پر مرتب ہوں گے بلکہ پوری اسلامی دنیا بھی امن و استحکام سے بہرمند ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ 7 دہائیوں سے اسلامی ممالک کو تقسیم کیا گیا اسے جنگوں میں الجھایا گیا اور اس کے وسائل جو اسلامی دنیا کی تعمیر و ترقی اور عوام پر پر خرچ ہونے چاہئیں تھے وہ وسائل اسلحہ، گولہ بارود پر خرچ کروائے گئے اور اسلامی دنیا کو ترقی کے علاقائی اور بین الاقوامی دھارے سے باہر رکھا گیا۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں ایران اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ کی ملاقات اور سعودی عرب اور یمن کے درمیان جنگ ختم کرنے کے اعلان سے پوری اُمت مسلمہ میں خوشی اور مسرت کے جذبات ہیں۔ قاضی زاہد حسین نے کہا کہ دنیا جنگوں سے الگ ہورہی ہے جبکہ پاکستان کے سیاستدان، ادارے اور ذمہ دار سب مل کر ملک کو خانہ جنگی کی طرف دھکیل رہے ہیں۔
تبصرہ