سیاست کو تجارت بنانے والے عدلیہ پر انگلی اٹھارہے ہیں: خرم نواز گنڈاپور
لوگ مہنگائی سے مررہے ہیں مگر حکمرانوں کی توجہ عدلیہ کنٹرول کرنے پر ہے
لاہور (5 اپریل 2023ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ سیاست کو تجارت بنانے والے عدلیہ پر انگلی اٹھارہے ہیں اور پارلیمنٹ کوعدلیہ کے خلاف صف آراء کررہے ہیں۔ جو جماعتیں آج حکومت میں ہیں ان کا ماضی گواہ ہے کہ انہوں نے کبھی فوج اور کبھی عدلیہ کو ٹارگٹ کر کے کمزور کرنے کی کوشش کی۔ اس وقت ریاست کو مافیاز سے خطرہ ہے۔ 22 کروڑ عوام کی گردنیں مافیا کے شکنجے میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک طرف پاکستان تاریخ کے بدترین معاشی بحران سے گزررہا ہے اور عوام مہنگائی کی وجہ سے کراہ رہے ہیں مگر حکمرانوں کی ساری توجہ آئینی ادارے عدلیہ کو قابو کرنے پر مرکوز ہے۔ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ سزا یافتہ عدالتی مفرور کس حیثیت میں عدلیہ کے خلاف ہرزہ سرائی کررہا ہے اور پابندی کے باوجود پیمرا خاموش کیوں ہے؟
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کی ہدایات کے مطابق الیکشن کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے عوام اور وکلاء کو خبردار رہنا ہو گا۔ وزیراعظم اور وزراء کی طرف سے جو بیانات آرہے ہیں اس سے لگتا ہے کہ حکومت سپریم کورٹ کے احکامات ماننے کے لئے تیار نہیں ہے۔
تبصرہ