سپریم کورٹ نے آئین پاکستان کو ایک بہت بڑے حملے سے بچا لیا
الیکشن کمیشن شفاف انتخابات کروا کر کفارہ ادا کرے: خرم نواز گنڈاپور
عدالتی فیصلے پروزیر اعظم کوکابینہ سمیت مستعفی ہوجانا چاہئے: سیکرٹری جنرل عوامی تحریک
حکومت میں شامل جماعتوں کو آئین و قانون اورجمہوریت سے کوئی سروکار نہیں
سپریم کورٹ کے خلاف توہین آمیز پوسٹرز لگانے والوں کی کڑی گرفت ہونی چاہئے
لاہور (4 اپریل 2023ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو آئین و قانون کی فتح قرار دیا ہے، انہوں نے کہاکہ اب الیکشن کمیشن شفاف انتخابات کروا کر کفارہ ادا کرے۔ سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کروانا پوری ریاستی مشینری کی آئینی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے جرات مندی کے ساتھ فیصلہ دینے پر چیف جسٹس سپریم کورٹ اور بنچ میں شامل دیگرمعزز ممبرز کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے آئین کو ایک بہت بڑے حملے سے بچا لیا۔ حکومت کی تمام تردھمکیوں، عدم تعاون، منفی میڈیا مہم، وزیر اعظم کے بائیکاٹ کے اعلان اور وزیرداخلہ کی طرف سے سپریم کورٹ پر اثر انداز ہونے کیلئے ایمرجنسی لگانے کی دھمکیوں کے باوجود سپریم کورٹ نے آئین کی بالا دستی یقینی بنائی اور ملک کو ایک بڑے آئینی بحران سے بچا لیا۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کو سپریم کورٹ کے خلاف تسلسل کے ساتھ غیر قانونی اقدامات پر کابینہ سمیت مستعفی ہو جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ثابت ہو گیا حکومت میں شامل جماعتوں کو آئین و قانون اور جمہوریت سے کوئی سروکار نہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عدلیہ کے خلاف توہین آمیز پوسٹرز لگانے اور منفی میڈیامہم کی سرپرستی کرنے والوں کی کڑی گرفت ہونی چاہیے۔
تبصرہ