پاکستان عوامی تحریک کا آئندہ انتخابات میں بھرپور حصہ لینے کا اعلان
عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل کی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس
الیکشن کمیشن نے ساکھ کھو دی تشکیل نو ضروری ہے: خرم نواز گنڈاپور
پرویز الہیٰ کا فون آیا، ملاقات میں آئندہ کے سیاسی منظر نامے پر بات کریں گے
بدعنوانوں کا اسمبلیوں میں داخلہ روکنا ہو گا، ڈاکٹر طاہرالقادری نے انتخابی اصلاحات کی فکر دی
مفت آٹا تب کہیں اگر کوئی اپنے باپ کے پیسے سے خرید کر بانٹ رہا ہے
لاہور (یکم اپریل 2023ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے مرکزی قائدین، زونل صدور اور صوبائی اسمبلی کے امیدواروں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو بحران سے نکالنے کیلئے منصفانہ اور شفاف الیکشن ناگزیر ہے۔ پاکستان عوامی تحریک آئندہ انتخابات میں بھر پور حصہ لے گی۔ موجودہ الیکشن کمیشن نے اپنی ساکھ کھو دی ہے اس ٹیم کے ہوتے ہوئے شفاف الیکشن ممکن نہیں۔ بدعنوانوں، سزایافتہ مجرموں اور ڈیفالٹرز کا اسمبلیوں میں داخلہ روکنے کیلئے امیدواروں کی سکروٹنی آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 کے مطابق کرنا ضروری ہے۔ سپریم کورٹ 90 روز کے اندر الیکشن کروانے کے اپنے فیصلے کو یقینی بنائے۔
چوہدری پرویز الہیٰ کا فون آیا تھا، جب ان سے ملاقات ہو گی تو آئندہ کے سیاسی و انتخابی منظر نامے پر بات کریں گے۔ تقرر و تبادلہ نگران حکومت کا مینڈیٹ نہیں ہے، ڈاکٹر طاہر القادری نے انتخابی اصلاحات اور الیکشن کمیشن کی آئین کے مطابق تشکیل نو کیلئے لانگ مارچ کیا تھا مگر اس وقت کی حکومت نے تحریری معاہدہ کرنے کے باوجود عملدرآمد نہیں کیا۔
انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اگر کوئی اپنے باپ کی کمائی سے آٹا بانٹ رہا ہے تو پھر مفت کہہ سکتا ہے عوام کا پیسہ تضحیک آمیز طریقے عوام کو دیا جا رہا ہے۔ ناقص گندم کا آٹا بانٹ کر بیماریاں پھیلائی جا رہی ہیں۔ حکومت نے جبر و تشدد کا ایسا ماحول پیدا کر دیا ہے کہ ٹیکسٹائل اور آٹو انڈسٹری بند ہو گئی، بیروزگاری کا راج ہے۔ حکومت ملک کو درپیش بنیادی مسائل پر توجہ نہیں دے رہی۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلیوں کے اندر اور باہر بازاری زبان کے استعمال پر سخت قانون سازی ہونی چاہئیے۔ ن لیگ جب بھی اقتدار میں آئی، سیاسی مخالفین کے خلاف بازاری زبان استعمال کی اور سیاسی قائدین کے گھروں پر حملے کئے، وارنٹ کے بغیر گرفتاریاں آئین و جمہوریت اور بنیادی انسانی حقوق کی نفی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سزایافتہ اور اشتہاریوں کی طرف سے سپریم کورٹ کو دھمکیاں دینا لاقانونیت کی انتہا ہے۔
دریں اثنا پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے صوبائی حلقہ جات کے امیدواروں کے اعزاز میں مرکزی سیکرٹریٹ میں افطار ڈنر دیا گیا، اس موقع پر قائدین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نظام کی تبدیلی ہمارا منشور ہے، افطار ڈنر کی تقریب میں راجہ زاہد، میاں ریحان مقبول، قاضی شفیق، نور اللہ صدیقی، عارف چوہدری، ڈاکٹر سلطان چوہدری، اظہر اعوان، محمد احمد خان، راجہ صدیقہ خانم، میاں کاشف محمود، امجد ارباب عباسی، ڈاکٹر رفیق کمبوہ، ڈاکٹرہارون بخاری، محمد فرقان گاڈی، محمد اقبال یوسف، چودھری سکندر حیدر گجر، رانا محمد شہزاد نے اظہار خیال کیا۔ اجلاس میں جان لیوا مہنگائی اور آٹا مہم کے ناقص انتظامات کی مذمت کی گئی۔
تبصرہ