وزیر قانون سپریم کورٹ کو ڈکٹیشن دینا بند کریں: آصف سلہریا ایڈووکیٹ
لگ رہا ہے سپریم کورٹ پر ایک حملے کی تیاریاں کی جارہی ہیں: صدر عوامی لائرز موومنٹ
وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ یاد رکھیں حکومتیں چار دن کی چاندی کی طرح ہوتی ہیں
عدلیہ کے خلاف حکومتی میڈیا مہم پر پیمبرا خاموش کیوں ہے؟
لاہور(31مارچ2023)عوامی لائرز موومنٹ پنجاب کے صدرسینئر وکیل آصف سلہریا ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ ٹی وی چینل پر سپریم کورٹ آ ف پاکستان کے خلاف حکمرانوں کی توہین آمیز میڈیا مہم پر پیمبرا خاموش کیوں ہے؟ وزیراعظم اور وزیر قانون سپریم کورٹ کو ڈکٹیشن دینا بند کریں۔ عدالت عالیہ میں پڑھے لکھے اور آئینی و قانونی امور پرمکمل گرفت رکھنے والے فاضل ججز بیٹھے ہیں۔ حکومت اپنی دانشوری خونی آٹا مہم کو پرامن بنانے کے لئے بروئے کار لائے۔
انہوں نے کہا کہ وزراء مل کر جس طرح منفی میڈیا مہم چلا رہے ہیں لگ رہا ہے سپریم کورٹ پر ایک اور حملے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔ ن لیگ آئینی اداروں پر حملوں کی ایک پوری تاریخ رکھتی ہے۔ مگر اس بار وکلاء برادری اور سول سوسائٹی عدلیہ کے وقار کے ساتھ کھیلنے کی کسی کو اجازت نہیں دے گی وکلاء سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح عدلیہ کے ساتھ ہیں اگر عدلیہ کے کردار کی نفی ہوجائے تو پھر پیچھے صرف انارکی بچتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 90 دن میں الیکشن نہ کروانے کا اعلان کرکے آئین توڑنے کے ساتھ ساتھ سپریم کورٹ کی تضحیک کی گئی۔ چیف جسٹس آف سپریم کورٹ آئین کے ساتھ ساتھ سپریم کورٹ کے وقار کے کسٹوڈین بھی ہیں۔ الیکشن سے متعلق کیس سپریم کورٹ کے روبرو ہے وہ جو فیصلہ بھی دے الیکشن کمیشن مقننہ اور انتظامیہ عملدرآمدکرانے کی پابند ہے۔
آصف سلہریا ایڈووکیٹ نے کہا کہ پاکستان بھر کے وکلاء آئین و قانون کی بالادستی اور عدلیہ کے وقار کے تحفظ پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔ میں وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ سے کہوں گا کہ ان کا اصل تعارف وکیل ہونا ہے۔ حکومتی بہاریں چند دن کی بات ہیں وہ کچھ بھی کہنے کرنے سے پہلے یہ بات ہمیشہ پیش نظر رکھیں کہ حکومتیں چار دن کی چاندنی کی طرح ہوتی ہیں اور پھر اندھیری رات ہوجاتی ہے۔
تبصرہ