35 فی صد سستے تیل،گیس کی پیشکش فوری قبول کی جائے: خرم نواز گنڈاپور
معیشت کا پہیہ چلانے کے لئے سستی انرجی کے معاہدے ناگزیر ہیں: سیکرٹری جنرل پی اے ٹی
پائی پائی کا محتاج پاکستان پٹرولیم مصنوعات پر سالانہ 27 ارب ڈالر خرچ کر رہا ہے
لاہور (31مارچ 2023ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ جاپانی کمپنی کی طرف سے 35 فیصد تک سستے تیل، گیس کی پیشکش فوری قبول کی جائے۔ معیشت کا پہیہ چلانے کے لئے روس اورایران سے بھی انرجی معاہدے کئے جائیں۔ پائی پائی کا محتاج پاکستان پٹرولیم مصنوعات پر سالانہ 27 ارب ڈالر خرچ کر رہا ہے۔ سستی انرجی سے زر مبادلہ پر بوجھ کم ہو گا اور عوام کو بھی سستے پٹرول،ڈیزل دینے کی راہ ہموار ہو گی۔
گزشتہ روز انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ مہنگے پٹرول، ڈیزل اور بجلی، گیس نے پاکستان میں نظام معیشت و معاشرت کو جام کر دیا ہے اور پاکستان عالمی تجارتی منڈیوں سے آؤٹ ہو گیا ہے، اگر ہنگامی اقدامات نہ کئے گئے تو پاکستان ملٹی نیشنل کمپنیوں کی صارف مارکیٹ بن کر رہ جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ سروے اور اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ پاکستان کے پہاڑی علاقوں میں ٹریلین مکعب فٹ گیس اور ساحلی پٹی پر اربوں بیرل کے تیل کے ذخائر موجود ہیں مگر سیاسی بدامنی، جمہوریت کے عدم تسلسل، کرپشن، نااہلی اور سازشوں کی وجہ سے قدرت کے ان معدنی خزانوں سے استفادہ نہیں کیا جا سکا۔
انہوں نے کہا کہ معاشی استحکام کیلئے سیاسی عدم استحکام کا خاتمہ ضروری ہے۔ آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی سے ہی پاکستان کو بحرانوں سے نجات ملے گی۔
تبصرہ