یہ نظام اپنے منطقی انجام کے قریب ہے: خرم نواز گنڈاپور
ہم اپنی زندگی میں اس نظام کو نیست و نابود ہوتا ہوا ضرور دیکھیں گے
عدالتوں سے سب سے زیادہ ریلیف شریف خاندان کو ملا: سیکرٹری جنرل پی اے ٹی
قومی اسمبلی میں آٹے کی قطاروں میں مرنے والوں کیلئے ایک لفظ نہیں بولا گیا
لاہور (29 مارچ 2023ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ یہ نظام اپنے منطقی انجام کے قریب ہے۔ ان شاءاللہ ہم اپنی زندگی میں اس بدبودار نظام اور اس کے محافظوں کو نیست و نابود ہوتا ہوا ضرور دیکھیں گے۔ اس نظام اور اس کے محافظوں نے قوم کے بچے، بچے کا بال بال قرضوں میں جکڑ دیا اور آج مجبور شہری آٹے کی قطاروں میں جان کی بازی ہاررہے ہیں۔ قومی اسمبلی میں دنیا جہان کے موضوعات زیر بحث آئے مگر کسی نمائندے کو آٹے کی قطاروں میں جاں بحق ہونے والوں کے لئے ہمدردی کے دو بول بولنے کی بھی توفیق نہ ملی۔
انہوں نے کہا کہ جو حلقے عدلیہ کو تابع فرمان بنائے جانے کی پارلیمانی کاوش پر چپ ہیں وہ یادرکھیں بات عدلیہ تک نہیں رہے گی۔ ان کے ہاتھ اس سے اوپر بھی جائیں گے کیونکہ تمام اداروں کو پنجاب پولیس بنانا ان کی دیرینہ خواہش ہے۔ دیکھتے ہیں آئین کی خالق جماعت پاکستان پیپلز پارٹی کب تک ن لیگ کے مجرمانہ کردار کا بوجھ اٹھاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے 90 روز کے اندر الیکشن کروانے سے انکار کر کے آئین کی خلاف ورزی کی۔ اگر آج الیکشن کمیشن کے اس فیصلے کو تسلیم کر لیا گیا تو مستقبل میں کوئی حکومت بھی آسانی کے ساتھ انتخابات سے رجوع نہیں کرے گی۔ اس وقت قوم کی نظریں سپریم کورٹ اور وکلاء برادری پر لگی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ ایک ناقابل تردید حقیقت ہے کہ عدالتوں سے سب سے زیادہ ریلیف شریف خاندان کو ملا۔ عدالتوں کی وجہ سے ہی شریف خاندان آج کے دن تک سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس کی گرفت سے بچا ہوا ہے۔
تبصرہ