اتنی مہنگائی کبھی دیکھی نہ سنی: ڈاکٹر سلطان چودھری
مہنگائی پر قابو پانے کے لئے پاکستانی حکومت افغان حکومت سے راہنمائی لے
افغانستان کی حکومت نے اشیائے خورونوش پر 80 فیصد ڈیوٹی کم کر دی
کروڑوں شہریوں کو مہنگا آٹا دے کر چند لاکھ کو مفت دینے کا ڈھونگ رچایا گیا
لاہور (27 مارچ 2023ء) پاکستان عوامی تحریک لاہور کے صدر ڈاکٹر سلطان چودھری نے کہا ہے کہ زندگی میں اتنی مہنگائی کبھی دیکھی نہ سنی۔ کروڑوں شہریوں کو مہنگا آٹا دے کر چند لاکھ کو مفت دینے کا ڈھونگ بھی فلاپ ہو گیا۔ آٹے کا بیگ حاصل کرنا زندگی اور موت کا مسئلہ بن چکا ہے۔ مفت آٹا مہم سے انسانیت بے وقار ہورہی ہے۔ افغان حکومت نے رمضان المبارک میں اشیائے خورونوش کی قیمتیں کنٹرول کرنے کے لئے 80 فیصد تک ڈیوٹی کم کر دی پاکستان کی حکومت اپنے شہریوں کو ریلیف دینے کے لئے افغان حکومت سے راہنمائی لے۔
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر ایسی اطلاعات عام ہیں کہ غریب شہریوں کو جو مفت آٹا دیا جارہا ہے وہ انتہائی ناقص ہے اور خراب گندم پیس کر مفت بانٹی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ناجائز منافع خور، ذخیرہ اندوزوں نے ہر سال کی طرح اس سال بھی من مانی قیمتوں پر اشیا فروخت کیں۔ آڑھتیوں اور چھابڑی فروشوں نے حکومت کی رٹ کو اٹھا کر ردی کی ٹوکری میں پھینک دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک طرف خزانہ خالی ہے دوسری طرف عوام فاقوں سے مررہے ہیں ان حالات میں بھی کرپشن عروج پر ہے۔ آٹے کے ہزاروں بیگزبھی خورد برد کئے جارہے ہیں۔ کرپشن کا یہ عالم ہے کہ حکومت کے نفس ناطقہ خواجہ آصف بول اٹھے ہیں کہ سیلاب کی طرح سارا ملک کرپشن میں ڈوبا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنہوں نے مسائل حل کرنے ہیں اور کرپشن ختم کرنی ہے وہ بھی بے بسی کا رونا رورہے ہیں۔
تبصرہ