عدلیہ کے اختیارات محدود نہیں کئے جا سکتے: عوامی لائرز موومنٹ
لاہور (28 مارچ 2023) پاکستان عوامی لائرز مووومنٹ کے سینئر مرکزی رہنما نعیم الدین چوہدری ایڈووکیٹ نے چیف جسٹس آف سپریم کورٹ کے اختیارات میں مبینہ ردو بدل کرنے کے حوالے سے قانون سازی کے عندیہ پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ کوئی ادارہ سپریم کورٹ کے دائرہ اختیار میں دخل نہیں دے سکتا اور نہ ہی اسکے اختیارات کو محدود کیا جا سکتا ہے، فوج کی طرح عدلیہ کو بھی آئینی کور حاصل ہے، حکومت سپریم کورٹ کو اپنی مرضی سے چلانے کی سوچ تبدیل کرے اور آگ سے نہ کھیلے۔
انہوں نے کہا کہ جس طرح پارلیمنٹ پر کوئی اور ادارہ قانون سازی مسلط نہیں کر سکتا جس طرح فوج کے رولز اینڈ ریگولیشنز کوئی ادارہ اس پر مسلط نہیں کر سکتا اسی طرح عدلیہ پر بھی کوئی قدغن نہیں لگائی جا سکتی، جب چیف جسٹس کے ہاتھ پاؤں باندھ دئیے جائیں گے وہ حساس آئینی و قانونی معاملات میں اپنا بر وقت آئینی کردار ادا نہیں کر سکے گا۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے جو جو کہا تھا وہ سب سچ ثابت ہو رہا ہے، پہلے میڈیا کی زبان بندی کی گئی، پھر منتخب نمائندوں کی پیمرا اور پولیس کے ذریعے زبان بندی کی گئی اب عدلیہ کے اختیارات کو محدود کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمران کسی قسم کا چیک اینڈ بیلنس برداشت نہیں کر رہے۔
تبصرہ