سرکاری رکاوٹوں سے کاروبار متاثر ہو رہا ہے: الطاف حسین رندھاوا
سرکار، کاروبار کیلئے راستے کھولتی ہے بند نہیں کرتی: کوآرڈینیٹر عوامی تاجر اتحاد
فی الفور رکاوٹیں ہٹائی جائیں، تاجروں کے خدشات دور کئے جائیں
عوامی تاجر اتحاد پاکستان کے ہنگامی اجلاس سے خطاب، تاجر رہنماؤں کی اجلاس میں شرکت
لاہور (25 مارچ 2023) عوامی تاجر اتحاد پاکستان کا ہنگامی اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں عوامی تاجر اتحاد کے مرکزی، صوبائی اورضلعی رہنماؤں نے شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عوامی تاجر اتحاد کے مرکزی کوآرڈینیٹر الطاف حسین رندھاوا نے کہا کہ ملک کی معاشی صورتحال کے باعث جہاں عوام پریشان ہیں وہیں تاجر برادری کے صبر کا پیمانہ بھی لبریز ہوتا جا رہا ہے۔ لاہور سمیت ملک بھر میں سرکاری رکاوٹوں سے کاروبار متاثر ہو رہا ہے، سرکار کاروبار کیلئے راستے کھولتی ہے بند نہیں کرتی۔
انہوں نے کہاکہ آئے روز راستوں کی بندش نے تاجروں، صنعتکاروں، دکانداروں اور روزانہ اجرت پر کام کرنے والے لاکھوں پاکستانیوں کو اذیت میں مبتلا کر دیاہے۔ مارکیٹوں کی طرف آنے والے راستوں کو بند کرنا ظلم ہے، تاجروں کا معاشی قتل ہے اور اگر اس طرح کا کوئی فیصلہ کرنا بھی ہے تو تاجر برادری کو اعتماد میں لینا ضروری ہے۔
الطاف حسین رندھاوا نے کہا کہ حکمران غریب عوام کیلئے کچھ نہیں کر سکتے تو کم از کم راستے تو بند نہ کریں، بازاروں کو تو ویران نہ کریں، مارکیٹوں کو تو برباد نہ کریں، اگر کاروباری زندگی چلتی رہے گی تو غریب آدمی اپنی روزی کما کر اپنے بچوں کا پیٹ پال سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ راستوں کی بندش سے تاجروں اور دیگر شہریوں کے بنیادی حقوق متاثر ہو رہے ہیں۔ بار بار اہم راستوں کی بندش نے تاجروں، شہریوں اور مسافروں کو پریشان و ذہنی اذیت میں مبتلا کر دیا ہے۔
معمولات زندگی درہم برہم ہو رہے ہیں۔ تاجر برادری کی مشکلات اور تکالیف کے ازالے کیلئے فی الفور دانشمندانہ اقدام کئے جائیں، رکاوٹیں ہٹائی جائیں، تاجروں کے خدشات دور کئے جائیں۔ تاجر پاکستان کا قیمتی سرمایہ اور ملکی ترقی و خوشحالی کے ضامن ہیں۔ تاجروں کے مسائل کا حل اور تحفظات دور کرنا اولین ترجیح ہونا چاہئیے۔
حاجی محمد اسحق، راشد چوہدری، ثاقب بھٹی، نوید بٹ، حفیظ الرحمان خان و دیگر رہنماؤں نے اجلاس میں شرکت کی۔
تبصرہ