فواد چوہدری، سینیٹر اعجاز کی عوامی تحریک کے رہنماؤں سے ملاقات
پاکستان کا خوشحال مستقبل آئین کی بالادستی سے وابستہ ہے: فواد چوہدری
عوام کی مشکلات کو نظر انداز کیا جا رہا ہے، خرم نواز گنڈاپور کی گفتگو
ملاقات میں سینیٹر اعجاز چوہدری، راجہ زاہد محمود، عارف چوہدری، نور اللہ صدیقی شریک تھے
لاہور (23 مارچ 2023) تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنماؤں فواد چوہدری اور سینیٹر اعجاز چوہدری نے عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور سے ملاقات کی اور ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ سپریم کورٹ کے حکم کے باوجود الیکشن سے انحراف آئین کی خلاف ورزی ہے۔ عوامی تحریک انتخابی سیاست میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔حالیہ کشمکش میں عوام کی مشکلات کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ منصوبہ بندی کے بغیر دیا جانے والا ریلیف باعث تکلیف بن گیا ہے، مفت آٹے کی تقسیم کا فیصلہ کرتے وقت منصوبہ بندی نہیں کی گئی جس کی وجہ سے انسانی جانیں ضائع ہو رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج بھی ہماری ساری توجہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف پر ہے، 8 سال کے بعد بھی مظلوموں کو انصاف نہ ملنا المیہ ہے، انصاف کے بول بالا کے بغیر ملک انارکی کا شکار ہو جاتے ہیں۔
فواد چوہدری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا مضبوط اور خوشحال مستقبل آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی سے وابستہ ہے۔ سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے ملک و قوم کا نقصان ہو رہا ہے۔ تحریک انصاف نے بات چیت کے دروازے کبھی بند نہیں کئے۔ الیکشن کا مطالبہ آئین و قانون کے مطابق ہے، اب پوری قوم کی نظریں سپریم کورٹ پر لگی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے الیکشن کی جو تاریخ دی اسے سبوتاژ کیا جا رہا ہے اگر سپریم کورٹ کے فیصلے نہیں ماننے تو پھر کس کے ماننے ہیں؟۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف امن و استحکام چاہتی ہے ہم سمجھتے ہیں کہ آئین ہی ایک ایسی دستاویز ہے جس کے ذریعے ہر مسئلہ کا حل ممکن ہے۔ ملاقات میں مرکزی نائب صدر راجہ زاہد محمود، سیکرٹری کوآرڈینیشن عارف چوہدری، نور اللہ صدیقی موجود تھے۔
تبصرہ