جمہوریت کی پہچان آزادی اظہار رائے ہے : خرم نواز گنڈاپور
صحافیوں کی پکڑ دھکڑ سے ملک کی بدنامی ہورہی ہے: سیکرٹری جنرل پی اے ٹی
لاہور (21مارچ 2023ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ آزادی اظہار رائے جمہوریت کی پہچان ہے صحافیوں کے ساتھ حکومت کے متشدد رویے کی وجہ سے عالمی سطح پر پاکستان کا تشخص مجروح ہورہا ہے۔ کسی بھی جمہوری معاشرے میں صحافی اور صحافت آئینہ ہوتے ہیں اس آئینے کو نہ توڑا جائے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان صحافی صدیق جان کی گرفتاری کے حوالے سے اسلام آباد ہائیکورٹ نے روکا تھا اس کے باوجود ان کی گرفتاری عدلیہ کے احترام کے دعوؤں کی نفی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کے ادارے میں جس قسم کے رویے کا اظہار ہورہا ہے عالمی سطح پر اس حوالے سے پاکستان کی کوئی اچھی تصویر نہیں بن رہی۔پاکستان کو ایسے ممالک کی فہرست میں شامل کیا جارہا ہے جہاں صحافی اور صحافت غیر محفوظ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا لیبل نہیں لگنا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صدیق جان کو رہا کیا جائے انہیں قانونی موقف دینے کا پورا حق حاصل ہے حکومت کوجس صحافی کے بارے میں بھی شکایت ہے اس کے لئے قانونی طریقہ کار اختیار کیا جائے۔ رات کے اندھیرے میں گرفتاریاں اور پکڑ دھکڑ قانونی جمہوری اقدار کے منافی ہے۔ صدیق جان کی گرفتاری پر انٹرنیشنل ہومن رائٹس کی طرف سے جو ردعمل اور مطالبہ آیا ہے وہ معنی خیز ہے۔ خدارا پاکستان کو بند گلی میں کھڑ انہ کیا جائے۔
تبصرہ