مفت آٹے کے نام پر غریب کی تذلیل جاری ہے: عوامی تحریک
منصوبہ بندی کے بغیر کئے گئے فیصلوں سے وسائل اور انسانی جانیں ضائع ہورہی ہیں
46 فیصد مہنگائی کے ساتھ جسم اور جان کا رشتہ برقرار رکھنا مشکل ہو گیا: راہنما عوامی تحریک
رمضان سے قبل آٹا 51 روپے کلو بڑھانے کے بعد کس ریلیف کی بات کی جارہی ہے؟
لاہور (21 مارچ 2023) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی راہنماؤں راجہ زاہد محمود، عارف چودھری اور قاضی شفیق نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ مفت آٹے کے نام پر غریب کی تذلیل کی جارہی ہے۔ کچھ ضرورت مندوں کے جاں بحق ہونے کی خبریں بھی آرہی ہیں۔ سستی شہرت کیلئے عجلت میں کئے گئے فیصلوں سے قومی وسائل اور جانیں ضائع ہورہی ہیں۔ آٹے کی لائنوں میں کھڑے بزرگوں اور خواتین پر پولیس تشدد کررہی ہے انہیں تھپڑ مارے جارہے ہیں۔ حکمران خدا کا خوف کریں۔ مجبور کی تذلیل کر کے خدا کے غضب کو دعوت نہ دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت حکومت کی توجہ ناجائز منافع خوروں کو کنٹرول کرنے کی بجائے سیاسی مخالفین کو کنٹرول کرنے پر ہے۔ جب ترجیحات یہ ہوں تو غریب کو لٹنے سے کون بچا سکتا ہے؟۔
راجہ زاہد محمود نے کہا کہ رمضان المبارک کی آمد سے قبل مہنگائی میں ہوشربا اضافہ کی وجہ سے غریب خاندانوں کے لئے روزے رکھنے مشکل ہو گئے ہیں۔ ادرک، پیاز، ٹماٹر قوت خرید سے باہر ہو چکے۔ اب غریب کون ہے اور مڈل کلاس میں کون شامل ہیں یہ تفریق کرنا مشکل ہو گیا ہے۔ جو سفید پوش لائنوں میں نہیں لگ سکتے وہ زندہ رہنے کے لئے سستا آٹا اور اشیائے خورونوش کہاں سے لیں؟۔
انہوں نے مزید کہا کہ رمضان المبارک سے دو روز قبل آٹے کی قیمت میں 51 روپے کلو اضافہ کرنے کے بعد کس ریلیف کی بات کی جارہی ہے؟۔
تبصرہ