انتقام اور دشنام کی سیاست سے ریاست کمزور ہورہی ہے
عوامی تحریک پنجاب کے 100 حلقوں سے الیکشن لڑرہی ہے: خرم نواز گنڈاپور
عوامی تحریک کے صدر قاضی زاہد حسین، خرم نواز گنڈاپور کی سابق وزیرداخلہ سندھ سے ملاقات میں گفتگو
لاہور (20 مارچ 2023) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر قاضی زاہد حسین اور سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور کی گزشتہ روز کراچی میں گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے سیکرٹری جنرل اور سابق وزیرداخلہ سندھ عرفان اللہ مروت سے ملاقات ہوئی۔ سیاسی راہنماؤں نے ملکی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا اور دن بدن بڑھتے ہوئے سیاسی عدم برداشت پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔
قاضی زاہد حسین نے کہا کہ انتقام اور دشنام کی سیاست سے ریاست کمزور ہورہی ہے۔ ”ایگو“ ملک اور 22 کروڑ عوام کے مفاد سے بڑی نہیں ہونی چاہیے۔
عرفان اللہ مروت نے کہا کہ آگ بجھانے کی صفت سیاستدان کو دیگر تمام طبقات سے ممتاز کرتی ہے۔ سیاستدان اپنی اس خوبی کو انتقام کی نظر نہ ہونے دیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے 100 حلقوں سے الیکشن لڑرہی ہے۔ امیدواروں سے کہا ہے وہ عوامی ایشوز کو انتخابی مہم میں فوکس کریں۔ زرعی ملک پاکستان میں آٹا ناپید ہوگیا ہے۔ بجلی، گیس، پٹرول اس قدر مہنگے ہو گئے ہیں کہ روزانہ سینکڑوں کی تعداد میں ٹیکسٹائل اور صنعتی یونٹ بند ہورہے ہیں۔ بیروزگاری کا سیلاب آیا ہوا ہے جس کی وجہ سے سٹریٹ کرائم بھی بڑھ رہا ہے۔
ایک سال سے سرکاری ملازمین کی تنخواہ میں کوئی اضافہ نہیں ہوا جبکہ افراط زر 46 فیصد کی حد کراس کر چکا ہے۔ عام آدمی کا چولہا بجھ گیاہے مگر افسوس مقتدر سیاسی ایوانوں کو اس کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔ ملاقات میں منہاج القرآن انٹرنیشنل کراچی کے ناظم مرزا جنید بھی موجود تھے۔
تبصرہ