ریاستیں اپنے شہریوں سے نہیں لڑتیں: میاں ریحان مقبول
جو کام ایس ایچ او کر سکتا ہے اس پر پوری پنجاب پولیس لگا دی گئی
جنہوں نے مہنگائی کم کرنی تھی وہ کینال روڈ پر درخت گرانے میں مصروف ہیں
زمان پارک کو خوفناک مہنگائی سے توجہ ہٹانے کے لئے استعمال کیا گیا
لاہور (18 مارچ 2023) پاکستان عوامی تحریک سینٹرل پنجاب کے صدر پی پی 97 فیصل آباد سے امیدوار میاں ریحان مقبول نے کہا ہے کہ زمان پارک کو خوفناک مہنگائی سے توجہ ہٹانے کے لئے بطو ر ہتھکنڈا استعمال کیا جا رہا ہے جو کام تھانے کا ایس ایچ او کر سکتا ہے وہ کام آئی جی پنجاب کی سرپرستی میں صوبہ بھر کی پولیس سے لیا جارہا ہے۔ باردگر کہتے ہیں ریاستیں اپنے شہریوں سے نہیں لڑتیں پکڑ دھکڑ کے ماحول میں بجلی پٹرول کی قیمتیں بڑھا کر شہریوں پر چار سو ارب روپے کا اضافی بوجھ ڈال دیا گیا میڈیا اورتجریہ نگار جان لیوا مہنگائی پر بات کرنے کی بجائے وارنٹ، سمن، گرفتاری پر تجزیے کرنے میں مصروف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دنیا ہم پر ہنس رہی ہے یوں لگ رہا ہے پالیسی سازوں نے سمجھدار لوگوں کا قحط ہے۔ جو معاملات کونسلر سطح کا ذہن رکھنے والا شخص حل کرسکتا ہے اس کے لئے ریاست کی پوری مشینری ہلکان ہورہی ہے پاکستان کو ان حالات میں دیکھ کر دل خون کے آنسو رو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کی آمد سے قبل اشیائے خورونوش کی قیمتیں آسمان کو پہنچ گئی۔ دو سو روپے درجن بکنے والا کیلا 350 روپے درجن ہوگیا۔ پھل کی قیمتیں راتوں رات ایک سے دو سو روپے بڑھ گئی۔ جس سرکاری مشینری نے ناجائز منافع خوروں پر ہاتھ ڈالنا تھا وہ کینال روڈ پر درخت گرانے اور پانی کا ’تروکا‘ لگانے میں مصروف ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکمرانوں خدا کا خوف کرو مخلوق خدا پر رزق تنگ نہ کرو کہیں ایسا نہ ہو اللہ کی بے آواز لاٹھی حرکت میں آئے اور سب خس و خاشاک کی طرح بہہ جائے۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلیوں کو محب وطن اور ایماندار نمائندوں کی ضرورت ہے۔ توشہ خانہ کے مال پر پلنے والوں نے پاکستان کی اینٹ سے اینٹ بجا دی۔
تبصرہ