آئی ایم ایف پاکستان کی تذلیل کررہا ہے؟ خرم نواز گنڈاپور
کڑی شرائط کی وجہ سے کروڑوں افراد دو وقت کی روٹی کو ترس گئے
ارجنٹائن 50 ارب ڈالر، مصر 45 ارب، ایکواڈور 40 ارب، یوکرین نے 20 ارب ڈالر کا پیکیج لیا
پاکستان نے آئی ایم ایف سے اب تک صرف 14ارب ڈالر لئے، کڑی شرائط کیوں؟
امریکہ کی سفارش اوردوست ملکوں کی منت پر بھی آئی ایم ایف نہیں مان رہا
موجودہ حکمرانوں کی عالمی سطح پر کوئی عزت نہیں ہے:سیکرٹری جنرل پی اے ٹی
بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے رواں سال 2 ارب ڈالر کم بھجوائے
لاہور (14 مارچ 2023ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف 22 کروڑ عوام کے آزاد، خودمختار ملک پاکستان کی تذلیل کررہا ہے۔ اس تذلیل پر حکومت میں بیٹھے ہوئے اور پالیسیاں بنانے والے کسی فرد کو شرم تک نہیں آرہی۔ موجودہ حکومت آئی ایم ایف کی ہر شرط آنکھیں بند کر کے مان رہی ہے۔ بجلی، گیس، پٹرول کی قیمتیں بار بار بڑھائی گئیں۔ 170 ارب کے ٹیکس بذریعہ پارلیمنٹ عوام پر مسلط کئے گئے اس کے باوجود آئی ایم ایف والے معاہدے پر راضی کیوں نہیں ہورہے؟۔ امریکہ سے سفارش کرنے کا کہا گیا، دوست ملکوں کے بھی منت ترلے کئے گئے اس کے باوجود آئی ایم ایف والے کیوں نہیں مان رہے۔ آخر وہ کون سی ایسی شرط ہے جسے وہ منوانا چاہتے ہیں؟آئی ایم ایف کے توہین آمیز سلوک سے ثابت ہو گیا کہ موجودہ حکمرانوں کی عالمی سطح پر کوئی عزت نہیں ہے۔ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ آئی ایم ایف نے ارجنٹائن کو 50 ارب ڈالر کے مالیاتی پیکیج دئیے۔ مصر کو 45 ارب ڈالر کے مالیاتی پیکیج دئیے۔ ایکواڈور کو 40 ارب ڈالر کے بیل آؤٹ پیکیج دئیے۔ یوکرین کو 20 ارب ڈالر کے پیکیج دئیے۔ پاکستان مالیاتی پیکیج لینے والے ملکوں میں پانچویں نمبر پر ہے جس نے اب تک صرف 14.8 ارب ڈالر کے پیکیج لئے۔ جتنی تذلیل پاکستان کی کی جارہی ہے ایسی توہین آمیز شرائط آئی ایم ایف نے کسی اور ملک کے سامنے نہیں رکھیں۔ آئی ایم ایف کی شرطیں مانتے مانتے کروڑوں پاکستانی خط غربت سے نیچے چلے گئے اور کروڑوں افراد دو وقت کی روٹی کو ترس گئے مگر آئی ایم ایف نے ابھی تک ایک ارب ڈالر دینے کی حامی نہیں بھری۔ اس ساری تذلیل پر موجودہ حکمرانوں کو کوئی شرم محسوس نہیں ہورہی۔ ان کا آج بھی صرف ایک ہی مسئلہ ہے کہ سیاسی مخالفین کا جینا حرام کیسے کرنا ہے، مخالفین پر پاکستان کی زمین کیسے تنگ کرنی ہے، اپنی لوٹ مار کیسے چھپانی ہے اور قانون کی آنکھوں میں دھول کیسے جھونکنی ہے؟۔ عدلیہ سمیت اداروں کو کنٹرول کیسے کرنا ہے؟ مخالفین کے خلاف منفی مہم کیسے چلانی ہے؟۔ انہوں نے کہا کہ بیڈگورننس اور انتقامی رویے کی وجہ سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے رواں سال زرمبادلہ بھیجنا کم کر دیا ہے۔ گزشتہ سال کی نسبت رواں سال 2ارب ڈالر کم بھجوائے گئے۔
تبصرہ